امریکی شہری کی گاڑی کی ٹکر سے پاکستا نی شہری کی ہلاکت ،ڈپٹی سیکرٹری داخلہ کی سرزنش

ڈپلومیٹ ہوگا تو اپنے ملک میں ہوگا،سفارتکا ر کے اگر حقوق ہیں تو پاکستانیوں کے اپنے حقوق ہیں،وزارت داخلہ کمیٹی کمیٹی کھیلنا بند کرے،اسلام آباد ہائی کورٹ

بدھ 18 اپریل 2018 20:47

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2018ء) اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے امریکی شہری کی گاڑی کی ٹکر سے شہری عتیق بیگ کی ہلاکت کے معاملے پر ڈپٹی سیکرٹری داخلہ کی سرزنش کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ ڈپلومیٹ ہوگا تو اپنے ملک میں ہوگا،ڈپلومیٹ کے اگر حقوق ہیں تو پاکستانیوں کے اپنے حقوق ہیں،وزارت داخلہ کمیٹی کمیٹی کھیلنا بند کرے۔

گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے سنگل رکنی بنچ پر مشتمل جسٹس عامر فاروق نے پاکستانی شہری کے ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے کے معاملے پر کیس کی سماعت کی۔فاضل جج نے جب سماعت شروع کی،وزارت داخلہ کی جانب سے ڈپٹی سیکرٹری داخلہ عدالت میں پیش ہوئے اور عدالت عالیہ کو بتایا کہ پولیس رپورٹ کے مطابق کرنل جوزف کو تصوراتی طور پر گرفتار کیا گیا ۔

(جاری ہے)

جس پر فاضل جج نے استفسار کیا کہ آئین میں تصوراتی گرفتاری کی کوئی شق موجود نہیں،اگر گرفتار کیا گیا تو پھر ضمانت کا عمل ہونا چاہئے تھا۔جس پر سیکرٹری داخلہ نے کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالے جانے کے حوالے سے بتایا کہ نام ای سی ایل میں ڈالنے کیلئے کمیٹی کو بھجوایا گیا ہے جس پر معزز جج نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ وزارت داخلہ اب کمیٹی کمیٹی کھیلے گی،پاکستانی بن کر سوچیں ڈپلومیٹ ہوگا اپنے ملک میں ہوگا۔

بعد ازاں عدالت نے آئندہ پانچ دن میں کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر رپورٹ پیش کی جائے،جس کے بعد کرنل جوزف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے کیس کی مزید سماعت24اپریل تک ملتوی کردی گئی۔واضح رہے اسلام آباد کے تھانہ کوہسار کے علاقے میں امریکن سفارتخانے کی گاڑی جس کو کرنل جوزف چلا رہے تھے نے ٹریفک سگنل توڑتے ہوئے موٹرسائیکل سوار کو ٹکر ماری جس سے ایک نوجوان عتیق بیگ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا تھا۔