فیصل آباد،متحدہ مجلس عمل آئندہ انتخابات میں پنجاب بھر میں اپنا مینڈیٹ ووٹ کی شکل میں وصول کرے گی، مخدوم زادہ سید محمد زکریا شاہ

عوام کئی سال سے مختلف جماعتوں کی سیر کرنے والے سیکولر لٹیروں کی بجائے ایم ایم اے کی صاف ستھری قیادت منتخب کریں، ایم ایم اے کے نو منتخب صدر کی دیگر رہنمائوں کی پریس کانفرنس

بدھ 18 اپریل 2018 22:52

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2018ء) متحدہ مجلس عمل آئندہ انتخابات میں پنجاب بھر میں اپنا مینڈیٹ ووٹ کی شکل میں وصول کرے گی۔عوام کئی سال سے مختلف جماعتوں کی سیر کرنے والے سیکولر لٹیروں کی بجائے ایم ایم اے کی صاف ستھری قیادت منتخب کریں۔ تحریک لبیک، اہلسنت والجماعت ، ایم ڈبلیو ایم ودیگر مذہبی جماعتیں متحدہ مجلس عمل کے آئین کے تحت ملنا چاہیں تو ایم ایم اے کی رکن بنیادی جماعتوں کے تحت ہی متحدہ مجلس عمل کے پلیٹ فارم پر تسلیم کریں گے۔

ایم ایم اے اسلامی نظام کے نفاذ، تحفظ ختم نبوت اور اتحاد امت کے زریں ایجنڈے کے ساتھ الیکشن سے پہلے اور بعد بھی کام جاری رکھے گی۔ امت کو ایک پرچم تلے متحد کریں گے۔ سیکولر اور بار بار آزمائی گئی سیاسی جماعتوں کا راستہ روکیں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار متحدہ مجلس عمل ضلع فیصل آباد کے عہدیداروں کے چناؤ کے بعد رہنماؤں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نومنتخب صدر ایم ایم اے مخدوم زادہ سید محمد زکریا شاہ نے بتایا کہ ایم ایم اے کا انتخابی اجلاس تمام جماعتوں کے چار چار ممبران مجلس عاملہ پر مشتمل تھا۔ جس میں مخدوم زادہ سید محمد زکریا شاہ جمعیت علماء اسلام کو ضلعی صدر، جماعت اسلامی کے انجینئر محمد عظیم رندھاوا سینئر نائب صدر، مولانا حافظ عبدالرحمن آزادمرکزی جمعیت اہلحدیث، مفتی عبدالشکور رضوی جے یوپی نورانی نائب صدر، سید غضنفر عباس ترمذی اسلامی تحریک نائب صدر جبکہ جمعیت علماء پاکستان نورانی کے پروفیسر ڈاکٹر مولانا منظور ساقی جنرل سیکرٹری، میاں عرفان جے یوآئی ف، صفدر علی شان اسلامی تحریک، ڈاکٹر طارق عباس چوہدری مرکزی جمعیت اہلحدیث کو بالترتیب ڈپٹی سیکرٹری اول، دوم، سوم ، مولانا علامہ عبدالصمد معاذ مرکزی جمعیت اہلحدیث کو سیکرٹری اطلاعات جبکہ اسلامی تحریک پاکستان کے آغا مولانا فضل عباس جعفری کو ضلعی خازن منتخب کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کفر مسلمانوں کے مقابللے میں متحد ہوچکا ہے اس لئے اب امت پر ذمہ داری بڑھ گئی ہے کہ تمام مسلمان ایک ہو کر دینی اقدار کا تحفظ کریں۔ انہوں نے کہا نظریاتی اساس رکھنے والے ملک کو سیکولر سیاسی جماعتوں کے ہاتھوں یرغمال نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ایم ایم اے کا ضلعی سیکرٹری المرکز الاسلامی چنیوٹ بازار ہو گا ۔ انتخابات ایم ایم اے کا پارلیمنٹ پہنچنے کا ایک ذریعہ ہے جبکہ اتحاد امت اور پاکستان کی نظریاتی اسلامی اساس بڑے اور بنیادی مقاصد ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ متحدہ مجلس عمل کی ہر صوبائی حلقے میں پانچوں جماعتوں کے چار چار افراد پر مشتمل 20رکنی سپریم کونسل قائم کی جائے گی اسی طرح یونین کونسل سطح پر منظم اور بہترین تنظیم سازی ہوگی۔ سپریم کونسل ہی یونین کونسل سے صوبائی حلقوں میں اپنے اپنے عہدیدارچنے گی۔ انہوں نے کہا 26اپریل کو جے یوپی کی میزبانی میں اگلااجلاس ہوگا اور تنظیم سازی کا جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہا ایم ایم اے واحد پاکستانی سیاسی اتحاد ہے جس کے رہنماؤں اور قیادت کے دامن پر کوئی داغ نہیں ۔ اس موقع پر منتخب عہدیداروں سمیت ایم ایم اے کی سپریم کونسل کے کئی ممبران بھی موجود تھے۔