محکمہ بلدیات اور نیسپاک کے درمیان معاہدہ،

یادداشت پر دستخط ، موثر اور دیرپاانفراسٹرکچر کی فراہمی کے لئے تیز ترین انتظامات

جمعرات 19 اپریل 2018 14:24

لاہور۔19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) محکمہ بلدیات نیسپاک اور آرٹیلیاانٹرنیشنل ساس (فرانس) کی مشترکہ وینچر کا ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انوسٹمنٹ (PICII)منصوبہ میں بطور انجنئیرئنگ ،پروکیورمنٹ اینڈ کنسٹرکشن مینجمنٹ (ای پی سی ایم) کنسلٹنٹ معاہدہ طے پا گیا ہے۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شاہد نصر راجہ ،نیسپاک اور آرٹیلیاانٹرنیشنل کے نمائندوں نے معاہدہ پر دستخط کئے ۔

نیسپاک منصوبہ کا آرکیٹکچراور انجنیئرنگ ڈیزائن کے علاوہ دیگر ترقیاتی سرگرمیوں کی دیکھ بھال بھی کرے گااورپانچ شہروں کو موثر اور دیرپاانفراسٹرکچر فراہم کر کے عوام کو بہترین معیار زندگی فراہم کی جائے گی ۔جس سے کاروباری عمل اور معاشی سرگرمی میں بہتری آئے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شاہد نصر راجہ نے کہا کہ پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپرومنٹ انوسٹمنٹ (PICII) منصوبہ سیالکوٹ،ساہیوال،رحیم یار خان،بہاولپور، سرگودھا اور مظفر گڑھ جیسے چھوٹے شہروں میں بہتری لانے میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے ۔

انہو ں نے کہا کہ ایشین ڈویلپمنٹ بنک کے تعاون سے صوبہ کے پانچ بڑے شہروں ساہیوال، سیالکوٹ، رحیم یارخان، بہاولپور اور سرگودھا میں عوام کو سیوریج، واٹر سپلائی ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ ، ٹرانسپورٹ او ر ری ہیبلی ٹیشن کے بہترین معاملات کی فراہمی کے لئے 600ملین ڈالر کی خطیر رقم سے پراجیکٹ تیار کیا گیا ہی- اس پورے عمل میں 500ملین ڈالر ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور 100ملین ڈالر حکومت پنجاب فراہم کرے گی-اس پراجیکٹ پر عمل کا آغاز سیالکوٹ اور ساہیوال سے شروع کیاجا رہا ہے -انہو ں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں سیالکوٹ اور ساہیوال میںشہری سہولیات جیسے پینے کے صاف پانی ، سیوریج کے نظام کی بحالی،صفائی کی سہولیات،پارکوں، گلیوں اور بس ٹرمینلز پر تمام سہولیات کی فراہمی، نکاسی آب کے مسائل کے حل،پرانے اور بوسیدہ واٹر سپلائی لائنوں کی تبدیلی،نئے ٹیوب ویلز کی تنصیب، ٹریفک مینجمنٹ ، پبلک پارکس کی بحالی ، سیوریج سسٹم کی بحالی اور سیویج ٹریٹمنٹ پلانٹ کی تنصیب ،بس اسٹاپس کی تعمیر، گرین بیلٹس کی بحالی ،کوڑا کرکٹ کو تلف کرنے،پینے کے صاف پانی کی فراہمی جیسے مفادعامہ کے منصوبوں پر کام کر کے ساہیوال اور سیالکوٹ کو محفوظ ،موثر اور دیرپاانفراسٹرکچر فراہم کیا جا ئے گا۔

انہوں نے کہا کہ دوسرے مرحلے میں رحیم یارخان، بہاولپور اور سرگودھا کو بھی شامل کر لیا جائے گا۔اس پراجیکٹ پر عمل در آمد ہونے کے بعدان شہروں میں عام لوگوںکے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔