کویت کی8رکنی اعلیٰ سطحی وفدکا اے این ایف ہیڈ کوارٹر کا دورہ

جمعرات 19 اپریل 2018 18:38

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) کویت کی8رکنی اعلیٰ سطحی وفد نے اے این ایف ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔ دورہ کا مقصد انسدادِ منشیات سے متعلق امورپرغورکرنا اور اس سلسلے میں چینی تجربات سے استفادہ حاصل کرنا تھا۔ دوران گفتگو قانونی طریقہ ئِ کار اور باہمی تعاون جیسے امور زیرِ بحث لائے گئے۔کویتی وفد کی قیادت کریمنل افیئرزکویت کے اسسٹنٹ انڈرسیکرٹری میجر جنرل خالدعبداللہ الدین،جبکہ پاکستان کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل اے این ایف میجر جنرل مسرت نواز ملک ہلال امتیاز (ملٹری) نے قیادت کی۔

کویتی وفد کے دیگر ممبران میں ڈرگ انفورسمنٹ جنرل ڈپارٹمنٹ کویت کے جنرل منیجربریگیڈیئر بدر محمد الغدوری ، انٹرنیشنل کنٹرول ایڈمنسٹریشن کے ڈائریکٹر کرنل فہدمحمد البدر، دفتر برائے اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری کریمنل افیئرز کے افسرکیپٹن عبدالعزیز البرجاس اور اسلام آباد میں کویت ایمبیسی کے چار اعلیٰ سطحی افسران شامل تھے۔

(جاری ہے)

اے این ایف کی جانب سے بین الاقوامی تعاون، قانون ، انٹیلی جنس اور نفاذ قانون کے شعبہ جات سے وابستہ افسران نے شرکت کی۔

فریقین نے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا، تاکہ خفیہ معلومات کے تبادلے کو مزید فعال بنایا جا سکے اور مشترکہ کارروائیوں میں حائل مشکلات دور کی جا سکیں۔ملاقات کے دوران، قانونی پہلوئوں کو موجودہ حالات کے مطابق زیادہ با صلاحیت بنانے پر زیادہ توجہ مرکوز کی گئی۔ نیز مستقل رابطہ استوار کرنے اور بہترین پیشہ ورانہ تجربات پر بھی گفتگو کی گئی۔

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ دونوں ممالک کے انسدادِ منشیات کے اداروں نے ماضی قریب میںباہمی تعاون کے نتیجے میں منشیات اور ممنوعہ کیمیائی مواد کی اسمگلنگ کے خلاف کامیاب کارروائیاں عمل میں لائی ہیں۔ کویتی وفد کا حالیہ اعلیٰ سطحی دورہ دونوں ممالک کے درمیان انسدادِ منشیات سے متعلق امور پر باہمی تعاون کے لحاظ سے ایک سنگِ میل گردانا گیا ہے۔ ماضی میں بھی دونوں ممالک کے انسدادِ منشیات کے ادارے محکمانہ استعداد بڑھانے ، منشیات کے عادی افراد کی بحالی ، تکنیکی مہارت کے حصول اور منشیات سے متعلق نفاذِ قانون کی پیشہ ورانہ تربیت جیسے امور میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے رہے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :