Live Updates

دوسرا حماد اظہر فلڈ لائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح ہوگیا

جمعرات 19 اپریل 2018 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2018ء) پاکستان تحریک انصاف لاہور کے زیر اہتمام دوسرا حماد اظہر فلڈ لائٹ کرکٹ ٹورنامنٹ کا افتتاح ہوگیا ہے۔ این اے 126کی 2سو سے زائد ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ سبزہ زار کرکٹ سٹیڈیم میں افتتاحی تقریب کا آغاز زبر دست روشنیوں اورآتش بازی سے کیاگیا۔ تحریک انصاف کے این اے 126سے امیدوار میاں حماد اظہر نے ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا اس موقع پر ایم پی اے میاں اسلم اقبال، شیخ امتیاز محمود، حاجی ارشاد ڈوگر، میاں محمد زاہد، ملک یونس، شبیر ملک، فیصل چوہدری، ارسلان گجر بھی موجود تھے۔

میاں حماد اظہر نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ تحریک انصاف کے زیر اہتمام یہ دوسرا ٹورنامنٹ منعقد کرایا جارہا ہے، جس کامقصد صرف نوجوانوں کی مثبت سرگرمیوں کو آگے لاکر انہیں زندگی میں محنت اورجدوجہد کی طرف مائل کرنا ہے۔

(جاری ہے)

پچھلے ٹورنامنٹ کے مقابلے میں امسال زیادہ ٹیموں نے حصہ لیا، ہم نے کسی کو بھی سیاسی وابستگی کے بغیر ٹورنامنٹ میں شامل کیا ہے، کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ نوجوان ملک و قوم کاسرمایہ ہیں اور انہیں اپنی کارکردگی دکھانے کیلئے آگے لانا چاہئے۔

اس موقع پر ایم پی اے میاں اسلم اقبال نے کہاکہ تحریک انصاف نے ملک میں مثبت سرگرمیوں کو ہمیشہ فروغ دیا ہے، کیونکہ اب قوم کو ترقی کا سفر طے کرنا ہے، ہم نے پسماندہ قوم نہیں رہنا، جنہوںنے ملک کو نچوڑا، قوم کے ساتھ ظلم و زیادتی کی، بلاتمیز ہر نسل کے شہری کے حق پر ڈاکہ ڈالا ہماری جنگ ان کے ساتھ ہے اور عمران خان کی قیادت میں نوجوان نسل یہ جنگ ضرورت جیتے گی۔

انہوں نے کہا کہ کل تک فرشتہ صفت ہونے کے دعویدار نیب اور قومی اداروں کے سامنے کھل کر آگئے ہیں۔ ریاستی اداروں کیخلاف بغاوت کے مشورے دے رہے ہیں، قومی اداروں کو پہلے تباہ و برباد کیا اب ان کی تلاشی لینے کا وقت آیا تو عوام کو بدظن کرنے کی کوشش کررہے ہیں لیکن تحریک انصاف ریاست کے ہر ادارے کے ساتھ ہے جو ملک و قوم کیلئے کچھ اچھا کرنا چاہتا ہے، ہم پاک فوج اور عدلیہ اور نیب کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کراتے ہیں کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ ان اداروں نے قوم کی قسمت بدلنے کی ٹھان لی ہے جبھی تو ہر جلسے میں پوچھا جارہا ہے کہ مجھے کیوں نکالا بھائی آپ کو قوم سے غداری، لوٹ ماراور چوری چکاری اور اداروں کیخلاف بغاوت پر نکالا گیا ہے، اگر تفصیلات جاننا چاہتے ہو تو آجائو تمہیں لکھ کردیدیں گے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات