سندھ ایکشن کمیٹی نے نادرا میگا سینٹر کورنگی کے سامنے جاری تین روزہ بھوک ہڑتال ختم کرکے 23اپریل کو سندھ بھرمیں تمام نادرا دفاتر کے سامنے احتجاج کا اعلان کردیا

جمعرات 19 اپریل 2018 23:22

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2018ء) سندھ ایکشن کمیٹی نے نادرا کی جانب سے سندھ میں غیر ملکیوں کو قومی شناختی کارڈ جاری کیے جانے کے خلاف نادرا میگا سینٹر کورنگی کے سامنے جاری تین روزہ بھوک ہڑتال ختم کرکے 23اپریل کو سندھ بھر کے اضلاع میں تمام نادرا دفاتر کے سامنے احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔سندھ یونائیٹیڈ پارٹی کے سینئر نائب صدر زین شاہ نے جمعرات کو نادرا میگا سینٹر کورنگی میں بھوک ہڑتالی کیمپ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تین روزہ بھوک ہڑتال کا اعلان کیا تھا جو کہ آج ختم کر رہے ہیں اس دوران نادرا کی جانب سے تین مختلف وفود نے ہم سے مذاکرات کیے ہیں ۔

آخری وفد جس میں مقصود علی،خلیل الرحمن، عظیم جتوئی ،امداد حسین اور دیگر نے ہم سے ملاقات کی اور سندھ ایکشن کمیٹی نے انھیں آگاہ کیا کہ نادرا کی جانب سے پاکستان سٹیزن ایکٹ کی خلاف ورزی کی جارہی ہے جس کی وجہ سے غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ نادرا کے وفد نے ہم سی26اپریل تک کا وقت مانگا ہے اور کہا ہے کہ وہ اپنے حکام سے اس سے متعلق گفتگو کرنے کے بعد آگاہ کرینگے لیکن سندھ ایکشن کمیٹی23اپریل کو سندھ کے تمام اضلاع میں نادار کی جانب سے غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کیے جانے کے خلاف نادرا دفاتر کے سامنے احتجاج کرے گی اور27اپریل کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

انھوں نے کہا کہ غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کرنے کی وجہ سے معاشی بد حالی اور سندھیوں کو اقلیت میں تبدیل کرنے کی سازش کی جارہی ہے،انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے بنگالیوں کے شناختی کارڈ کے لیے کوشاں رہے ہیں اور ان کے جلسوں میں بھی خطاب کرتے رہے ہیں ۔انھوں نے کہا کہ ہم مسلم لیگ فنکشنل کی رکن سندھ اسمبلی نصرت سحر عباسی کے مشکور ہیں کہ انھوں نے اسمبلی میں قرار دا دپیش کی،۔

انھوں نے کہا کہ یہ معاملہ سنگین نوعیت کا ہے ،اس لیے اسے مشترکہ مفاد کونسل میں اٹھایا جائے ۔انھوں نے کہا کہ غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری ہونے کے سبب ملک میں دہشت گردی کے واقعا ت ہوتے رہے ہیں ۔نادرا فوری طور پر اپنے جاری کیے گئے لیٹر واپس لے ۔اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی حاجی شفیع جاموٹ ،خواجہ نوید امین او ر دیگر قوم پرست جماعتوں کے رہنما بھی موجود تھے ۔