مضر صحت اشیاء خورد نوش کے خلاف بھر پور کارروائی عمل میں لائی جائیگی، ڈپٹی میئر محمد یونس بلوچ

جمعرات 19 اپریل 2018 22:59

کوئٹہ۔ 19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) ڈپٹی میئر محمد یونس بلوچ نے کہا ہے کہ مضر صحت اشیائخورد نوش کے خلاف بھر پور کارروائی عمل میں لائی جائیگی ۔ یہ بات انہوں نے پامیر کنزومر کے کوآرڈینیٹر نذر بڑیچ کی سربراہی میں ایک وفدسے بات چیت کرتے ہوئے ۔ انہوں نے وفد کو بتایا کہ کوئٹہ شہر میں مضر صحت اشیاء خورد نوش کا فی مقدار میں فروخت کی جارہی ہیں اور خصوصا ً شہر میں اسکولوں کے سامنے پاپڑ مشروبات اور چھالیہ جیسے مضر صحت چیزیں فروخت ہونا باعث تشویش ہے اور اسکے علاوہ دودھ اور دہی میں ملاوٹ کا کاروبار بھی عروج پر ہے ، انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کافی شکایات موصول ہورہی ہیں اور بہت جلد انتظامیہ کے تعاون سے ان کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔

اور اس پر کوئی رعایت نہیں کی جائیگی بلکہ ہر سطح پر ان کے خلاف بھر پور کارروائی کی جائیگی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں صارفین کیلئے عدالتیں بھی قائم ہیں اور 2003 میں اس پر قانون بھی بنایا گیا لیکن بدقسمتی سے پورے صوبے میں کہیں بھی صارف کیلئے عدالت قائم ہوسکیں اور نہ ہی صارفین کی کونسل بنا سکے ۔ 2015 میں صوبائی اسمبلی نے فوڈ کنٹرول اتھارٹی کا قانون بنایا لیکن تاحال اس پر عملدرآمد نہیں ہوسکا جسکی وجہ سے مضر صحت اشیاء خوردنوش کی خرید و فروخت اور مصنوعی خود ساختہ مہنگائی نے غریب عوام کی کمر توڑ کر رکھی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر صارفین کی عدالتیں اور فوڈ کنٹرول اتھارٹی قائم کریں تاکہ صارفین از خود اپنے مسائل کے حل کیلئے ان اداروں میں شکایات درج کراسکیں ۔