ہزارہ یونیورسٹی میں انٹر کالجیٹ سپورٹس ٹورنامنٹ 2017-18ء کے سلسلہ میں تقسیم انعامات کی تقریب

جمعرات 19 اپریل 2018 23:27

مانسہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ میں انٹر کالجیٹ سپورٹس ٹورنامنٹ 2017-18ء کے سلسلہ میں تقریب تقسیم انعامات کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر منظور حسین شاہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کی سرگرمیاں تاریخی پس منظر رکھتی ہیں اور یہ سلسلہ خلفائے راشدین کے دور میں بھی رائج تھا جس کا مقصد نوجوانوں کو تدریسی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ دیگر ہم نصابی سرگرمیوں میں بھی مشغول رکھنا ہے تاکہ وہ ایک متوازن شخصیت کے مالک بن سکیں۔

پروفیسر ڈاکٹر سید منظور شاہ نے کہا کہ ہزارہ یونیورسٹی تعلیمی و تحقیقی عوامل کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں کی بھی بھرپور سرپرستی کرتی ہے تاکہ نہ صرف یونیورسٹی میں زیر تعلیم نوجوان طلباء و سکالر اپنی ذہنی و جسمانی صلاحیتوں کو بہتر بنا سکیں بلکہ یونیورسٹی کے ساتھ الحاق شدہ کالجز کے طلباء بھی ہم نصابی سرگرمیوں کا حصہ بن رہے ہیں جو نہایت حوصلہ افزاء بات ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل یونیورسٹی کے ڈائریکٹر سپورٹس محمد اقبال نے سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ انٹر کالجیٹ سپورٹس ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد کی بدولت ہزارہ یونیورسٹی کے طلباء صوبائی و قومی سطح پر یونیورسٹی کی نمائندگی کرنے کے ساتھ ساتھ علاقہ کا نام روشن کر رہے ہیں اورکھیلوں کے مختلف مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوزیشنز حاصل کر رہے ہیں۔ تقریب کے اختتام پر کھیلوں کے مقابلوں میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء و طالبات اور آفیشلز میں میڈلز، شیلڈز اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔

متعلقہ عنوان :