بلوچستان میں ماربل اور دیگر قیمتی معدنیات کی پروسیسنگ کے لئے خضدار میں ماربل سٹی کے قیام کیلئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جمعرات 19 اپریل 2018 23:50

کوئٹہ۔ 19 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2018ء) بلوچستان میں ماربل اور دیگر قیمتی معدنیات کی پروسیسنگ کے لئے خضدار میں ماربل سٹی کے قیام کے لئے جمعرات کے روز وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔پاکستان سٹون ڈیویلپمنٹ کمپنی(PASDC)کے سی ای او شیخ زاہد مقصود اورصوبائی سیکریٹری مائنزاینڈ منرلز عزیز احمد تارڑ نے یادداشت پر دستخظ کئے جبکہ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، چیف سیکریٹری بلوچستان اورنگزیب حق، ایڈیشنل سیکریٹری منسٹری آف انڈسٹریز سردار اعجاز جعفر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا بلوچستان قدرتی وسائل سے مالا مال صوبہ ہے جہاںماربل، گرینائٹ اور بے شمار دیگر قیمتی پتھر موجود ہیں تاہم مناسب پروسیسنگ نہ ہونے کی وجہ سے 60سے 70فیصد ماربل ضائع ہوجاتا ہے آج جس یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں اس کے تحت خضدار میں ماربل سٹی اور پروسیسنگ یونٹ لگایا جائے گا جس سے ماربل کی صنعت کو فروغ ملے گا اور مقامی لوگوں کو فائدہ ہوگا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماربل سٹی میں ماربل صنعت سے وابستہ افراد کو تکنیکی تربیت بھی فراہم کی جائے گی اور مستقبل میں اسے چاغی تک وسعت دی جائے گی۔ شیخ زاہد مقصود نے کہا کہ ماربل سٹی کے قیام سے ماربل کے شعبہ میں ترقی آئے گی جس سے لوگ جدید مائننگ کی جانب راغب ہوں گے اور مقامی لوگوں کو تکنیکی تربیت حاصل کرنے کا موقع بھی ملے گا۔

متعلقہ عنوان :