پولیو کا خاتمہ ہم سب کا قومی فریضہ ہے،ڈاکٹرعمران شیخ

جمعہ 20 اپریل 2018 12:33

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) ڈپٹی کمشنر پشاورڈاکٹر عمران حامد شیخ نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ 23 اپریل سے شروع ہونے والی 8 روزہ مہم میں اپنے بچوں کو پولیو سے بچائو کے لئے حفاظتی ٹیکے ضرور لگوائیں تاکہ اس موذی مرض کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ڈسٹرکٹ کونسل ہال میں پشاور کے ڈاکٹروں / یوپیک انچارج سے خطاب کے دوران کیا۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر گل محمد ، یونیسیف اور ڈبلیو ایچ او کے نما ئندگان اور این سٹاف آفیسر ڈاکٹر انور جمال بھی موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ ہم سب کا قومی فریضہ ہے اور ہم سب نے مل کر اس مرض کو جڑ سے ختم کر نا ہے۔ انھوں نے کہا کہ یوپیک چیئر مین یونین کو نسل کی سطح پر حکومتی نما ئندے ہیںاور اپنی یونین کونسل میں اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دیں اور پولیو کے خاتمے کے لیے اپنا کر دار ادا کریں ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ آٹھ روزہ آئی پی وی مہم 23 اپریل سے شروع ہو گی جس میں 4 ماہ سے 23 ماہ تک کے بچوں پولیو سے بچائو کے ٹیکے لگائے جا ئیں گے جب کہ اس کے ساتھ ساتھ دو سال سے چھوٹے بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے بھی پلا ئے جا ئیں گے اور اس مہم کے لیے 941 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر مخصوص جگہوں پر بچوں کو پولیو سے حفاظتی ٹیکے لگائیں گی اور پولیو سے بچائو کے قطرے پلائیں گی۔ڈپٹی کمشنر پشاور نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مہم کے دوران اپنے بچوں کو پولیو سے حفاظتی ٹیکوں کے ساتھ ساتھ پولیو سے بچائو کے قطرے بھی پلائیں ۔

متعلقہ عنوان :