سوزوکی کی مہران گاڑی کو ٹکر دینے کے لیے دو گاڑیاں میدان میں آگئیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 20 اپریل 2018 15:29

سوزوکی کی مہران گاڑی کو ٹکر دینے کے لیے دو گاڑیاں میدان میں آگئیں
لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20 اپریل 2018ء) : معروف کار ساز کمپنی سوزوکی کی معروف گاڑی مہران کو ٹکر دینے کے لیے مزید دو گاڑیاں مارکیٹ میں آ گئی ہیں۔ آٹوپالیسی 21-2016 کے تحت کئی مقامی اور بین الاقوامی آٹو کمپنیوں نے پاکستان میں اپنے آپریشن کا آغاز کیا۔ جن میں یونائیٹڈ آٹوز اور نسان نمایاں ہیں۔ یہ دونوں کمپنیاں پاکستان میں ایک مسافر گاڑی لانچ کرنے والی ہیں جو سوزوکی کمپنی کی مہران گاڑی کو ٹکر دیں گی۔

مہران گذشتہ تین دہائیوں سے مقامی مارکیٹ کی سب سے مقبول گاڑی رہی ہے، کئی سالوں سے ہم یہی سنتے آ رہے ہیں کہ سوزوکی اپنی مہران گاڑی کی مینوفیکچرنگ روکنے پر غور کر رہی ہے لیکن تاحال ایسا نہیں ہوا۔ تمام تر تنقید اور خامیوں کے بعد بھی سوزوکی کمپنی نے 2017ء میں مہران کے 42 ہزار سے زائد یونٹس فروخت کیے۔

(جاری ہے)

تاہم اب مارکیٹ میں دو نئی 800 سی سی گاڑیاں متعارف کروائی جائیں گی۔

جن میں یونائیٹڈ آٹوز کی ''براوو (Bravo)'' اور ڈاٹسن کمپنی کی redi-Go شامل ہیں۔ تاہم redi-Go کی لانچ سے متعلق ابھی تصدیق ہونا باقی ہے۔ نسان کمپنی نے ڈاٹسن برانڈ کو 1998ء میں ختم کر دیا تھا،جس کے بعد ڈاٹسن گو کی 2012ء میں لانچ کے ساتھ اس کو بحال کیا گیا۔ ڈاٹسن redi-Go کو 2016ء میں لانچ کیا گیا، جس میں کمپنی نے 0.8 لیٹر کا انجن متعارف کروایا۔ اس ماڈل کی مقبولیت کے بعد کمپنی نے اس ماڈل میں 1.0 لیٹر کا انجن بھی متعارف کروایا۔

اس کار کی لمبائی 3429 mm، چوڑائی 1560 mm، اونچائی 1541 mm اور وہیل بیس 2348 mm ہے۔ گاڑی کی ایک لیٹر پٹرول میں 25 کلو میٹر کا فاصلہ طے کر سکتی ہے۔ جبکہ اس کے فیول ٹینک میں 35 لیٹر پٹرول آ سکتا ہے۔ اس گاڑی کی خاص بات یہ ہےکہ اس میں ائیر بیگز بھی موجود ہوں گے اور یہ سہولت سوزوکی مہران میں دستیاب نہیں ہے۔ کمپنی پاکستان میں ڈاٹسن گو اور ڈاٹسن گو پلس بھی متعارف کروانے کا ارادہ رکھتی ہے۔

ان دونوں گاڑیوں کو پاکستان کی سڑکوں پر ٹیسٹ ڈرائیو کرتے بھی دیکھا گیا ہے۔ دوسری جانب پاکستان میں معروف یونائیٹڈ آٹوز نے بھی 800 سی سی گاڑی لانچ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس گاڑی کو ''براوو (Bravo)' کا نام دیا گیا ہے۔ اس کا انجن 800cc تھری سلنڈر ہو گا۔ یونائیٹڈ آٹوز کے جنرل مینجر سیلز اینڈ مارکیٹنگ افضل نے بتایاکہ اس گاڑی میں وہ تمام فیچرز اور سکیورٹی انتظامات ہوں گے جو کسی عام مقامی گاڑی میں موجود نہیں ہوتے۔

یونائیٹڈ آٹوز نے اس مادل کے ڈیزائن کا کاپی رائٹ حاصل کرنے کے لیے Intellectual Property Organization of Pakistan (IPO) سے بھی رجوع کر رکھا ہے۔ مذکورہ کمپنی نے لاہور میں اپنا مینوفیکچرنگ پلانٹ بھی قائم کر لیا ہے۔ مہران ، ریڈی گو اور براوو کے مابین ہونے والا سخت مقابلہ دیدنی ہو گا۔ جبکہ مارکیٹ میں موجود لوگوں کو بھی مہران کو ٹکر دینے والی گاڑیوں کی لانچ کا انتظار ہے۔