شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال برصغیر کی ایسی تابناک شخصیت تھیں جن پر ملت اسلامیہ ہمیشہ فخر کرتی رہے گی‘صدر آزاد کشمیر

شاعر مشق نے کشمیری عوام کے اضطراب اور زبوں حالی کا خاص طور پر ذکر کیا ان کے کلام میں جا بجا کشمیری مسلمانوں کی غلامی کا ذکر موجود ہے‘سردار محمد مسعود خان

جمعہ 20 اپریل 2018 16:51

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 اپریل2018ء) صدر آزاد جموںو کشمیر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال برصغیر کی ایسی تابناک شخصیت تھیں جن پر ملت اسلامیہ ہمیشہ فخر کرتی رہے گی۔ وہ بڑے فلسفی اور عظیم شاعر ہونے کے علاوہ ایک ماہر قانون دان اور صاحب بصیرت سیاستدان بھی تھے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے حضرت علامہ اقبال کی برسی کے موقع پراپنے خصوصی پیغام میں کیا۔

صدرآزاد کشمیر سردار محمدمسعود خان نے کہا کہ مصور پاکستان حضرت ڈاکٹر محمد اقبال امت مسلمہ کے حقیقی مصلخ اور بہی خواہاں تھے انہوں نے اپنے کلام کے ذریعہ جہاں ساری دنیا کے مسلمانوں کو ان کی عظمت رفتہ کی یاد دلاتے ہوئے نئی زندگی کے نئے تقاضوں میں سرگرم حصہ لینے کیلئے آمادہ کیا وہی پر انہوں نے کشمیری عوام کے اضطراب اور زبوں حالی کا خاص طور پر ذکر کیا ان کے کلام میں جا بجا کشمیری مسلمانوں کی غلامی کا ذکر موجود ہے اور انہوں نے اپنے کلام کے ذریعہ کشمیرکی حالت زار پر فارسی اور اردو کلام میں نہ صرف دکھ کا اظہار کیا بلکہ ان کے دکھوں کا موثر عندیہ بھی دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ باہمی اتفاق و اتحاد کے ذریعہ ہی اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کر سکتے ہیں۔ چنانچہ انہوں نے مسلمانوں کو زندگی کے ہر موڑ پر سخت محنت اور ریاضت سے کام کرنے اور دوسروں کے سامنے سرنگوں ہونے سے بچنے کی تلقین کی۔ یہ علامہ اقبال کے کلام اور تعلیمات ہی کا اعجاز تھا کہ کشمیری عوام نے ایک ایسے وقت میں پاکستان کے ساتھ الحاق کی تاریخی قرارداد منظور کی جب ابھی پاکستان منصہ شہود ہی پر نہیں آیا تھا۔کشمیری عوام اپنی جد وجہد شد ومد سے جاری رکھے ہوئے ہیں اور انشائ اللہ وہ دن زیادہ دور نہیں جب وہ اپنی جد وجہد میں کامیاب ہونگے۔