پاکستان جاپان سکیورٹی ڈائیلاگ کا چھٹا دور، دو طرفہ سکیورٹی تعلقات کا جامع جائزہ لیا گیا

جمعہ 20 اپریل 2018 19:15

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) پاکستان جاپان سکیورٹی ڈائیلاگ(پولیٹیکل،ملٹری ڈائیلاگ) کا چھٹا دورجمعہ کو ٹوکیو میں منعقد ہوا، پاکستان کی نمائندگی ایڈیشنل سیکرٹری (ایشیاء پیسفک ) امتیاز احمد اور جاپان کی نمائندگی جاپان کی وزارت خارجہ کے شعبہ جنوب مشرقی اور جنوب مغرب ایشیائی معاملات کے ڈائریکٹر جنرل شی جیکی تکائزیکی نے کی ۔

پاکستان اور جاپان کے درمیان پولیٹیکل ملٹری ڈائیلاگ ایک اہم فورم ہے جس میںدو طرفہ سکیورٹی سے متعلق امور بارے تبادلہ خیال کیا جاتا ہے اور مختلف دو طرفہ بات چیت کے عمل میں سیاسی اقتصادی اور سکیورٹی کے امور کے تمام پہلوئوں کا احاطہ اس بات چیت کے عمل کا حصہ ہے۔ ڈائیلا گ کے دوران دو طرفہ سکیورٹی تعلقات کا جامع جائزہ لیا گیا ۔

(جاری ہے)

دونوں ممالک نے اتفاق کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان گہرے تعلقات ہیں جو کسی بھی تاریخی بوجھ سے پاک ہیں ۔

دونوں ممالک کے مابین وسیع تر شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔دونوں ممالک نے متعلقہ خطوں میں پیدا ہوتی سکیورٹی صورتحال سمیت کثیر الجہت سلامتی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ۔ایڈیشنل سیکرٹری ایشیاء پیفسک نے امن و استحکام کے لئے افغان قیادت کی کوشیشں بڑھانے میں مدد کے لئے پاکستان کی کوششوں سے آگاہ کیا ۔انہوں نے بھارتی فوج کے مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے مظالم اور انسانی حقوقی کی خلاف ورزی پر روشنی ڈالی اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ مسئلہ کشمیر ایک دیرینہ مسئلہ ہے اس کے حل اور بھارت کو ظلم و جبر سے روکنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں ۔

انہوں نے جاپانی حکام کو پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کے حوالے سے بھی آگاہ کیا ۔قبل ازیں 19اپریل کو دوطرفہ سکیورٹی ڈائیلاگ (ملٹری ٹو ملٹری بات چیت) کا 9واں دور منعقد ہوا ۔پاکستان کی نمائندگی ریئر ایڈیشنل سیکرٹری وزارت دفاع ایڈمرل اویس احمد بلگرامی کررہے تھے جبکہ جاپان کی نمائندگی وزارت دفاع کے شعبہ بین الاقوامی امور کے ڈائریکٹر جنرل اوسامو لوازا نے کی ۔دفاعی تعاون اور تبادلے کے فروع سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔دونوں اطراف نے بین الاقوامی امن و سلامتی کے فروغ کے لئے دفاعی تعلقات کو بڑھانے کے لئے اپنے عزم کا اعادہ کیا ۔