ایس ایس پی سکھر نے نیوپنڈ میں پیٹرول چھڑک کر خاتون کو آگ لگانے کے واقعہ کا نوٹس لے لیا

جمعہ 20 اپریل 2018 22:07

سکھر۔20اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے سکھر کے علاقہ نیوپنڈ اسلام کالونی میں مبینہ طور پر خاتون مسمات سنیا پر اسکے شوہر اربیلو چاچڑ اور سسرالیوں کی جانب سے پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے کے واقعے کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او نیوپنڈ کو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے فوری گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں، ترجمان پولیس کے مطابق نیوپنڈ کے علاقے اسلام کالونی میں شوہر نے اپنی بیوی سنیا کو اسکے رشتے دار کے گھر شادی میں شرکت کرنے پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگا دی ، ایس ایس پی سکھر نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں، جن پر عملدرامد کرتے ہوئے ایس ایچ او نیوپنڈ نوید نواز نے واقعہ کا مقدمہ درج ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا ، ملزمان میں اربیلو چاچڑاور رمضان چاچڑشامل ہیں، متاثرہ خاتون کو علاج کیلیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ،ایس ایس پی سکھر نے ہدایت کی ہے کہ خاتون کو مکمل تحفظ دیا جائے اور انصاف کے تمام ترتقاضو ں کو میرٹ کی بنیاد پر پورا کرنے کو یقینی بنایا جائے ۔