لاہور ہائیکورٹ ، چیف سیکرٹری پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹسز جاری، جواب طلب

جمعہ 20 اپریل 2018 22:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اپریل2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے چیف سیکرٹری پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا تفصیلات کے مطابق جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے تحریک پاکستان ورکرذ ٹرسٹ کے رکن حاجی انوار حسین کی درخواست پر سماعت کی درخواستگزار وکیل نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار نے تحریک آزادی میں بھرپور حصہ لیا قید و بند کی صعوبتیں برداشت کیں وکیل نے نشاندہی کی کہ گراں خدمات پر وزیراعلی پنجاب نے ایک کنال کا پلاٹ دینے کا اعلان کیا تھا مگر پلاٹ نہیں دیا گیا وکیل نے بتایا کہ عدالت عالیہ سے رجوع کرنے پر لاہور ہائیکورٹ نے چیف سیکرٹری پنجاب کو درخواستگزار کی درخواست پر فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا مگر عدالتی حکم کے باوجود درخواست پر فیصلہ نہیں کیا گیا جو توہین عدالت کے مترادف ہے وکیل نے استدعا کی کہ عدالتی حکم عدولی پر چیف سیکرٹری پنجاب کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے عدالت نے درخواست پر چیف سیکرٹری پنجاب سے جواب طلب کر لیا۔