بسمہ اللہ سٹی میں دو مختلف واقعات میں 4 خواتین کے قتل اور ملزمان کی عدم گرفتاری کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

جمعہ 20 اپریل 2018 23:15

حیدرآباد20اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) حیدرآباد کے علاقے بسمہ اللہ سٹی میں دو مختلف واقعات میں چار خواتین کو گلا کاٹ کر قتل کئے جانے اور ملزمان کی عدم گرفتاری کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا‘مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اُٹھائے پولیس کے خلاف نعرے لگائے۔ انہوں نے کہاکہ بسم اللہ سٹی میں دو مختلف واقعات میں چار خواتین کو گلے کاٹ کر قتل کیا گیا لیکن پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے کے بجائے روایتی بے حسی کا مظاہرہ کررہی ہے‘ 3 جولائی 2017 کو دلدار حسین قریشی ایڈوکیٹ کے گھر میں نامعلوم افراد نے داخل ہو کر دو خواتین نفیسہ بانو اور فریال راحیل کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کردیا تھا جس کا مقدمہ دلدار حسین قریشی کی مدعیت میں بی سیکشن میں درج کرایا گیا لیکن ابھی اسی کیس میں پیش رفت نہیں ہوسکی تھی کہ 15 فروری 2018 کو بسم اللہ سٹی میں ہی شہاب الدین کے گھر میں دوہرے قتل کی واردات کا واقعہ رونماء ہوا‘ اس واقعہ میں بھی نامعلوم افراد نے گھر میں گھس کر خواتین کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا، اس واقعہ کا بھی مقدمہ درج ہوا لیکن تاحال کوئی پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہاکہ دونوں واقعات کے ملزمان آج بھی کھلے عام گھوم رہے ہیں لیکن پولیس اُنہیں گرفتار کرنے میں ناکام ہے اور روایتی طور پر ٹال مٹول سے کام لیا جارہا ہے۔ مظاہرین نے چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی کہ وہ ایک ہی علاقے میں چار خواتین کے تیز دھار آلے سے قتل کے واقعات کا نوٹس لیں اور ملزمان کو گرفتار کرکے اُنہیں عبرتناک سزائیں دی جائیں۔