قائد اعظم ٹرافی گریڈ ٹو کے سیمی فائنل مقابلے کل سے شروع ہونگے

جمعہ 20 اپریل 2018 23:23

قائد اعظم ٹرافی گریڈ ٹو کے سیمی فائنل مقابلے کل سے شروع ہونگے
لاہور۔20 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2018ء) قائد اعظم ٹرافی گریڈ ٹو کے سیمی فائنل مقابلے کل سے شروع ہونگے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام پہلا سیمی فائنل ملتان اور حیدرآباد کی ٹیموں کے درمیان ملتان سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں کراچی بلیو اور ایبٹ آباد کی ٹیمیں کراچی سٹیڈیم میں ایکشن میں دکھائی دیں گی۔

فائنل میچ 8 مئی کو کھیلا جائے گا جس کیلئے جگہ کا اعلان جلد کیا جائیگا۔یاد رہے کہ ٹورنامنٹ میں دس ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن میں کو دو گروپوں میں تقسیم کیا گیا، گروپ اے ملتان، ایبٹ آباد، آزاد جموں و کشمیر، کوئٹہ اور بہاولپور جبکہ کراچی بلیو، حیدرآباد، سیالکوٹ، لاڑکانہ اور ڈیرہ مراد جمالی شامل ہیں۔اب تک کے مقابلوں میں آزاد جموں کشمیر کے حسن رضا 425 رنز کے ساتھ سرفہرست ہیں،حیدر آباد کے سعد خان394 رنز کے دوسرے اور بہاولپور کے محمد وسیم 330 رنز کے ساتھ تیسرے نمبروں پر ہیں۔

(جاری ہے)

حیدر آباد کے نعمان علی 27 وکٹوں کے ساتھ ٹاپ پر ہیں جبکہ ایبٹ آباد کے کامران غلام اور بہاولپور کے محمد عرفان کی 22،22 وکٹیں ہیں تاہم بہتر اوسط کی بنا پر کامران غلام دوسرے اور محمد عرفان تیسرے نمبروں پر ہیں۔ کراچی بلیوز کے سیف اللہ بنگش کو وکٹوں کے پیچھے 16 شکار کرنے کا اعزاز حاصل ہے، حیدر آباد کے نبیل احمد 15کیچز پکڑنے کے ساتھ دوسرے اور 14 کیچز کے ساتھ ملتان کے مقبول احمد تیسرے نمبر پرہیں۔

اب تک 18بیٹسمینوں کو سینچریاں بنانے کا اعزاز حاصل ہو سکا ہے، ان پلیئرز میں بسم اللہ خان، عمران شاہ، سجاد علی جونیئر، ناصر خان، عدیل باسط، رمیز راجہ جونیئر، رمیز عزیز، مقبول احمد، کلیم اللہ، فیصل خان، محمد وسیم، عظیم گھمن، سعد خان، جاہد علی، نعمان انور، زین عباس، حسن رضا اورمعین الدین شامل ہیں۔