ٹی ایم اے سے ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کے اعزاز میں تقریب، ضلع ناظم علی خان جدون مہمان خصوصی تھے

ہفتہ اپریل 13:06

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اپریل2018ء) ٹی ایم اے سے ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ضلع ناظم علی خان جدون تھے۔ تقریب میں ضلع نائب ناظم سردار وقار نبی، سابق ایم پی اے نثار صفدر خان جدون، ممبر تحصیل کونسل حویلیاں افتخار خان، ممبر تحصیل کونسل ایبٹ آباد سردار شیردل، ریجنل میونسپل آفیسر سید فرمان شاہ، ٹی ایم او دانش اقبال، وسیم خان، سردار سعید انور، لوکل گورنمنٹ ایمپلائز فیڈریشن کے صوبائی سرپرست اعلیٰ شوکت کیانی، ٹی ایم اے افسران، واسا افسران انجینئر جاوید عباسی، مقرب حسین و دیگر نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ٹی ایم اے سے ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین جن میں چیف سینٹری انسپکٹر اعجاز خان جدون، اسسٹنٹ سیکرٹری تحصیل کونسل لیاقت خان اور ولی محمد کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو پنشن کے چیک دیئے گئے۔ مقررین نے کہا کہ ٹی ایم اے ملازمین نے ہمیشہ عوامی سہولیات کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ اس موقع پر اعجاز خان کی خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اعجاز خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہوں نے دوران سروس ہمیشہ ادارہ کے مفاد کو ترجیح دی اور عوامی مسائل کو حل کرنے کی بھرپور کوشش کی، وہ الله تعالیٰ کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ہر آزمائش میں پورا اتارا۔