کارکن بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں ، چوہدری طارق فاروق

ووٹرفہرستوں کی تیاری کاکام جاری ہے،جلدبلدیاتی انتخابات کرواکراقتدارنچلی سطح پرعوام کے نمائندوں کے حوالے ہوگا،کارکنوں کی عزت نفس کاہرممکن خیال رکھاجائے گا،جنڈی چونترہ کے مقام پرایک خوبصورت پارک تعمیر کیاجائے گا جس سے سیاحت کوفروغ ملے گا،جلسہ سے خطاب

اتوار 22 اپریل 2018 18:20

بھمبر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اپریل2018ء) آزادکشمیرکے قائمقام وزیراعظم چوہدری طارق فاروق نے کہاہے کہ کارکن بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں ،ووٹرفہرستوں کی تیاری کاکام جاری ہے۔جلدبلدیاتی انتخابات کرواکراقتدارنچلی سطح پرعوام کے نمائندوں کے حوالے ہوگا۔کارکنان پارٹی کااثاثہ ہیں ان کی عزت وتکریم پرکوئی کمپرومائز نہیں کیاجاسکتا۔

کارکنوں کی عزت نفس کاہرممکن خیال رکھاجائے گا۔جنڈی چونترہ کے مقام پرایک خوبصورت پارک تعمیر کیاجائے گا جس سے سیاحت کوفروغ ملے گا۔سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمدنوازشریف نے آزاد کشمیرکے ترقیاتی بجٹ کودوگناہ کیاہے جس سے وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان نے آزادکشمیرمیں مثالی تعمیروترقی کے دورکاآغاز کردیاہے۔

(جاری ہے)

آزادکشمیر کے انتخابات میں عوام نے مسلم لیگ ن پرجس اعتماد کااظہار کیاتھا حکومت عوامی اعتماد پرپورااتررہی ہے۔

ہم نے نظام حکومت میں بڑی اصلاحات لائی ہیں ،کرپشن اور افراتفری کادور ختم ہوگیاہے۔ مسلم لیگ ن کی حکومت وزیراعظم راجہ محمدفاروق حیدرخان کی سربراہی میں پانچ سال پورے کرے گی۔بھمبرمیں ترقیاتی عمل پوری طرح سے جاری ہے۔ بھمبرچڑیاولہ روڈ ،بھمبرجاتلاں روڈ، بھمبربائی پاس روڈ ،بھمبرسمڑیال روڈ کے منصوبہ جات کاسنگ بنیاد رکھ دیاگیاہے۔ بھمبرکے دیگرترقیاتی منصوبہ جات جلد شروع ہونگے۔

آزادکشمیرمیں 9 ارب روپے کی لاگت سے سڑکیں تعمیرکی جارہی ہیں۔ راجہ محمدفاروق حیدرخان نے کابینہ میں اضافہ کیاہے اس سے کچھ لوگوں کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں، کچھ لوگوں کودن میں خواب نظرآرہے ہیں، مسلم لیگ ن کے پرچم تلے ہم سارے ایک ہیں،جماعت اور حکومت مضبوط اورمنظم ہے۔بھمبرمیں جلد انفارمیشن آفس اور الیکشن آفس قائم ہورہے ہیں،بھمبرپریس کلب کی سکیم منظور ہوچکی ہے ،بھمبرسپورٹس سٹیڈیم میں جمنیزیم ہال بھی بنائیں گے۔

قائمقام وزیراعظم نے بھمبرسپورٹس سٹیڈیم کوملک محمدباز کے نام منسوب کرنے کابھی اعلان کیا۔ان خیالات کااظہار انھوں نے بھمبرپہنچنے پربڑے استقبالی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسہ سے ایڈمنسٹریٹرضلع کونسل راجہ غلام ربانی، ایڈمنسٹریٹرمیونسپل کمیٹی مرزامحمداجمل جرال،چوہدری جمیل سلطان، چیف آفیسر ضلع کونسل چوہدری فیاض نے بھی خطاب کیا۔

جلسے میںسابق ممبراسمبلی ومسلم لیگ ن ضلع بھمبرکے صدرراجہ مقصود احمد خان ، ڈپٹی کمشنرچوہدری گفتارحسین، ایس پی راجہ مظہراقبال، چیئرمین ضلع زکواة کمیٹی عتیق الرحمن برسالوی، مسلم لیگ ن کے مرکزی راہنماحاجی راجہ منیراللہ خان،کرنل (ر) افتخار احمد، چوہدری وحید، راجہ محمداقبال، راجہ اظہراقبال، راجہ مسعود اسلم، راجہ عبدالشکور،سہیل شمیم کے علاوہ مسلم لیگ ن کے کارکنان وضلعی انتظامیہ بھی موجود تھی۔

قائمقا م وزیراعظم نے کہاکہ بھمبر شہرکوخوبصورت اورمثالی شہربنائیں گے۔بھمبرکی سڑکیں ،سیوریج سسٹم اور گریٹرواٹرسپلائی سمیت جملہ ترقیاتی کام زمین پرنظرآئیں گے۔ انھوںنے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے آزاد کشمیرکے تمام ضلعی ہسپتالوں میں مفت ایمرجنسی سروسز شروع کررکھی ہیں۔بھمبرمیں ساڑھے چارکروڑروپے کی لاگت سے میونسپل کمیٹی اور ضلع کونسل کے دفاتر تعمیرکیے جارہے ہیں۔

انھوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی حکومت کے کام زمین پرنظرآئیں گے ، مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کی فلاح وبہبودپریقین رکھتی ہے۔ حکومت عوام کی خادم ہے ، کارکنوں کی وجہ سے ہی مسلم لیگ ن کو دوتہائی اکثریت سے کامیابی حاصل ہوئی۔قائمقام وزیراعظم نے کہاکہ ہم نے تعلیمی نظام میں بڑی اصلاحات لائی ہیں ، آزادکشمیرمیں ایک غیرجانبدارپبلک سروس کمیشن اور این ٹی ایس کے نفاذکے قیام سے میرٹ کابول بالاہواہے۔

انھوں نے کہاکہ ضلع کونسل اور میونسپل کمیٹی عوامی خدمت کے لیے ہیں جوشہرکی خوبصورتی کے لیے اقدامات اٹھارہی ہیں۔برنالہ اور سماہنی کی تعمیروترقی بھی بھمبرکے برابرہوگی۔بھمبرمیں نیابس سٹینڈ بنائیں گے۔ ٹیکسز کے نظام کوبہتربنائیں گے۔بس سٹینڈ کی اپروچ روڈ بنانے ،بھمبرمیونسپل کمیٹی کی نئی آسامیوں کی تخلیق، قبرستان کے لیے جگہ سمیت دیگرترقیاتی کام جلد مکمل ہونگے۔ وزیراعظم آزادکشمیر برطانیہ کے دورہ کے بعد بھمبرکا دورہ کریں گے جہاں وہ بھمبرمیں مزیدبڑے پراجیکٹس کاسنگ بنیاد رکھیں گے۔