جموں و کشمیر مرکزی و ضلعی ملی رابطہ کونسل ہا کا ایک روزہ اعلیٰ سطحی مشترکہ اجلاس30 اپریل کو مظفرآباد میں منعقد ہو گا

اجلاس کی صدارت چیف جسٹس و چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء فرمائیں گے‘ صدرِ ریاست سردار مسعود خان بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت فرمائیں گے

منگل 24 اپریل 2018 13:22

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) اسلامی نظریاتی کونسل آزاد جموں و کشمیرکے زیر اہتمام جموں و کشمیر مرکزی و ضلعی ملی رابطہ کونسل ہا کا ایک روزہ اعلیٰ سطحی مشترکہ اجلاس مورخہ 30 اپریل 2018ء بروزسوموار بوقت11:00بجے تا 02:00بجے دن بمقام نیو وزیراعظم ہائوس جلال آباد مظفرآباد میں منعقد ہو گا۔اجلاس کی صدارت چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر و چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء فرمائیں گے جبکہ صدرِ گرامی آزاد ریاست جموں و کشمیر سردار مسعود خان بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت فرمائیں گے۔

اس ایک روزہ مشترکہ اجلاس میں اراکین اسلامی نظریاتی کونسل ، اراکین علماء و مشائخ کونسل، چیئرمین صاحبان و ممبران جموں و کشمیر مرکزی و ضلعی ملی رابطہ کونسل ہا ، چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل پاکستان کے علاوہ دیگر مہمانانِ گرامی بھی شریک ہونگے۔

(جاری ہے)

مشترکہ اجلاس کا موضوع سخن"تمام مکاتب فکر کے درمیان بین المسالک ہم آہنگی ، ریاست آزاد جموں وکشمیر میں یکجہتی اور اتحاد اور اتفاق کے اسلامی اصولوں کے فروغ، معاشرے کی اصلاح اور اسے اسلامی خطوط پر استوار کرنے کے لیئے علمائے کرام با لخصوص جموںو کشمیر ملی رابطہ کونسل کا کردار" کا انتخاب کیا گیا ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل تشکیل ایکٹ مجریہ 1997ء کی دفعہ 5 کے تحت ریاست آزاد جموں و کشمیر میں اسلامی معاشرے کی تشکیل کے لیئے اقدامات تجویز کرنا اسلامی نظریاتی کونسل کے فرائض میں شامل ہے۔اس سلسلہ میں چیف جسٹس آزاد جموں و کشمیر و چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل کے ویژن کے مطابق کونسل نے عملی اقدامات اٹھاتے ہوئے آزاد کشمیر میں اتحاد اور ملی یکجہتی کے قیام کے لیئے مولانا عبید اللہ فاروقی ، چیئرمین علماء و مشائخ کونسل کی سرپرستی میں مرکزی اور اضلاع کی سطحوں پر ملی رابطہ کونسل ہا تشکیل دی ہیں۔

مرکزی سطح پر ملی رابطہ کونسل کے ممبران کی تعداد 16 جبکہ اضلاع کی سطح پر ملی رابطہ کونسل ہا کے ممبران کی تعداد 08 ہے۔ مرکز اور ضلعی سطح پر تشکیل کردہ کونسل ہا میں تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام کو نمائندگی دی گئی ہے۔ جموں و کشمیر ملی رابطہ کونسل کے قیام کا مقصد تمام مکاتب فکر کے علماء کے درمیان رابطے کے علاوہ آزاد کشمیر بھر میں معاشرتی اصلاح اور اتحاد و اتفاق کے اسلامی اصولوں کو فروغ دینے کے لیئے آزاد کشمیر کی تمام مساجد میں جمعہ کے خطبات ایک ہی موضوع پر ارشاد کیئے جانے کے لیئے بھی اقدامات اُٹھانا ہے۔

اس سلسلہ میں سرِدست حکومت کے زیر اہتمام مساجد مں کم از کم مہینہ میں دو خطبات ایک ہی موضوع پر کیئے جانے کے لیئے کونسل سیکرٹریٹ کی جانب سے عنوانات ارسال کیئے جا چکے ہیں۔ آزاد جموںو کشمیر اسلامی نظریاتی کونسل کی جانب سے ایک نہایت اہم کاوش ہے جس کی مثال قبل ازیں پاکستان سمیت پورے خطے میں نہیں ہے۔صدرِ گرامی آزاد ریاست جموں و کشمیر و وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر نے جموں و کشمیر ملی رابطہ کونسل کے قیام اور اس کے اغراض و مقاصد کو نہ صرف خراجِ تحسین پیش کیا ہے بلکہ اس امر پر اطمینان کااظہار بھی فرمایا ہے کہ آزاد کشمیر میں اسلامی نظریاتی کونسل کی سرپرستی میں تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام ، بین المسالک ہم آہنگی، آزاد کشمیر میں یکجہتی کے فروغ اور ریاست آزاد جموں و کشمیر میں معاشرے کی اصلاح اور اِسے اسلامی خطوط پر استوار کرنے کے لیئے اپنا بھرپور کردار ادا کر رئے ہیں۔