سی پیک کے باعث آئندہ پندرہ سال میں پاکستان کا شمار دنیا کی 68 بہتر معیشتوں

کی فہرست میں 25 ویں نمبر پر ہوگا،ایف پی سی سی آئی

منگل 24 اپریل 2018 15:20

فیصل آباد۔24 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2018ء) وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان نے کہا ہے کہ سی پیک کی وجہ سے آئندہ پندرہ سال میں پاکستان کا شمار دنیا کی بہتر معیشتوں کے حامل 68 ممالک کی فہرست میں 25 ویں نمبر پر ہوگا۔ایف پی سی سی آئی کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سی پیک کے باعث قومی معیشت کے ساتھ ساتھ زراعت بھی ترقی کرے گی کیونکہ پاکستانی معیشت کا زیادہ تر دارو مدار ٹیکسٹائل اور زرعت کے شعبوں پر ہے اس لیے ان شعبوں کی کارکردگی میں مزید بہتری لانے کے لیے بھی اقدامات کو یقینی بنا نا ہو گا تاکہ معاشی استحکام کے باعث پاکستان سے غربت و بے روز گاری کے خاتمہ سمیت تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو سکے۔

انہوںنے کہا کہ چونکہ پاکستان کی معیشت کا زیادہ تر حصہ زراعت پر مبنی ہے لیکن اس شعبے میں مطلوبہ انفراسٹرکچر اور سہولتیں نہ ہونے کی وجہ سے غذائی اجناس کی نصف پیداوار ضائع ہو جا تی ہیں جو کاشتکاروں کی حوصلہ شکنی کا باعث بنتا ہے یہی وجہ ہے کہ ملک میں کپاس کی پیداوار تسلسل سے کمی کی جانب گامزن ہے اور اس میں تقریبا ًپچیس فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کپاس کی پیداوار میں دنیا کا چوتھا ملک ہونے کے باوجود پاکستان کی ٹیکسٹائل ایکسپورٹس خطے کے ان ممالک جہاں کپاس کی پیداوار کم ہوتی ہے یا ہوتی ہی نہیں کی ٹیکسٹائل ایکسپورٹس سے کم ہیں۔ انہوںنے کہا کہ چین کا 10کھرب ڈالر مالیت کا''ون بیلٹ ون روڈ''پروگرام صرف سڑکیں بنانے کے لیے ہی نہیں بلکہ اس پروگرام میں فری ٹریڈ زونز اور اکنامک زونز سمیت دیگر منصوبے بھی شامل ہیں۔

انہوںنے کہا کہ ا س منصوبے میں ملا ئیشیا،سری لنکا ،بنگلہ دیش ،میانمار اور افریقہ شامل ہیں۔ا فریقا میں گیارہ نئی بندرگاہیں جبکہ چین سے برطانیہ تک ٹرین سروس بھی چلائی جائے گی جس سے یورپین ممالک تک باآسانی کارگوکی ترسیل ممکن ہوسکے گی۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان کے تمام تجارتی و صنعتی شعبوں کو مثبت سوچ کے ساتھ اپنی پیداواری استعداد کو بڑھانے اور سی پیک منصوبے کی تکمیل ہوتے ہی گلوبل لاجسٹک انڈیکس میں پاکستان کا شمار68 سے گھٹ کر25 ویں نمبر پر آجائے گا۔