مریدکے ،پانچ حقیقی بھائیوں کے قتل کامقدمہ 9افرادکیخلاف درج کرلیاگیا

منگل 24 اپریل 2018 20:41

کالاشاہ کاکو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اپریل2018ء) مریدکے کی آبادی تاربازارحدوکے میں معمولی سی تلخ کلامی پربٹ گروپ کی فائرنگ سے قتل ہونیوالے پانچ حقیقی بھائیوں کے قتل کامقدمہ 9افرادکیخلاف درج کرلیاگیا۔آئی جی پنجاب پولیس کاافسوسناک واقعہ کاسخت نوٹس اورملزمان کو24گھنٹے کے اندرگرفتارکرنے کاحکم۔مقتولین پولیس کی انتہائی سخت ترین نگرانی میں نمازجنازہ کے بعدسپردخاک کردیئے گئے۔

علاقہ میں شدیدخوف وہراس اورسوگ کاسماں۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات مریدکے کی آبادی تاربازارحدوکے میں معمولی سی تلخ کلامی پربٹ گروپ کے مسلح افراد نے اندھادھندفائرنگ کرکے پانچ حقیقی بھائیوں رضاشاہ،قیصرشاہ،بھولے شاہ،عامرشاہ اورارشان شاہ کوقتل کردیاتھا۔

(جاری ہے)

جنہیں پولیس کی انتہائی سخت ترین نگرانی میں نمازجنازہ کے بعدآبائی قبرستان سپردخاک کردیاہے۔

جبکہ متعلقہ تھانہ سٹی مریدکے پولیس نے سیدعلی رضا کی مدعیت دفعہ 302کے تحت تین حقیقی بھائیوں راحیل بٹ،عقیل بٹ اور آصف بٹ سمیت عمران شہزاد،ندیم،واجد،طاہر،بودی شاہ اور دونامعلوم افرادکیخلاف مقدمہ درج کرکے گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔دریں اثناء آئی جی پنجاب پولیس نے واقعہ کاسختی سے نوٹس لیتے ہوئے پولیس کو 24گھنٹے کے اندرملزمان کی گرفتاری کاحکم دیاہے۔