کشمیر یکجہتی کونسل کا مسئلہ کشمیر پر فی الفور اسلامی سربراہی کانفرنس بلا نے کا مطالبہ

بھارتی مظالم کی وجہ سے کشمیر آتش فشاں بن چکا ، پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں پر مزید ظلم برداشت نہیں کرسکتے،بھارت نے ظلم و ستم بند نہ کیا تو کشمیر کے لوگ لائن آف کنٹرول توڑ دیں گے چیئرمین کشمیر یکجہتی کونسل جاوید راٹھور کا ’’آئی این پی‘‘ کو انٹرویو

جمعرات 26 اپریل 2018 23:29

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2018ء) کشمیر یکجہتیکونسل کے چیئرمین جاوید راٹھور نے مسئلہ کشمیر پر فی الفور اسلامی سربراہی کانفرنس بلا نے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑھتے ہوئے بھارتی مظالم کی وجہ سے کشمیر آتش فشاں بن چکا ہے پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں پر مزید ظلم برداشت نہیں کرسکتے اگر بھارت نے کشمیر میں ظلم و ستم بند نہ کیا تو کشمیر کے لوگ لائن آف کنٹرول کو توڑ دیں گے وہ ان خیالات کا اظہار جمعرات کو آئی این پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کر رہے تھے۔

جاوید راٹھو نے کہا کہ کشمیر کی صورتحال بہت مخدوش ہوچکی ہے لوگوں کا جینا مشکل کردیا گیا ہے بھارتی افواج نے ہٹلر کے مظالم کو بھی مات دے دی ہے ایسی صورتحال میں خاموشی سنگین جرم ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا کہ کشمیر کے مسئلہ پر فی الفور اسلامی سربراہی کانفرنس بلائی جاے اور مسئلہ کو فی الفور اقوام متحدہ میں بھی اٹھایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لوگ پاکستان کی طرف دیکھ رہے ہیں اور پاکستان کو اس سلسلے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے ۔ انہوں نے مذید مطالبہ کیا کہ وزیر اعظم دنیا کے تمام اہم ممالک میں کشمیر کیلئے خصوصی ایلچی بھیجیں اور دنیا کو بھارت کے مظالم سے آشکار کیا جائے۔ انہوں نے کہا بھارت پاکستان کے اندرونی حالات سے فائدہ اٹھا کر تحریک کو ظلم اور جبر کے ذریعے کچلنا چاہتا ہے ۔انہوں نے پاکستان سیاست دانوں سے بھی اپیل کی کہ وہ کشمیر کو پہلی ترجیح دیں چونکہ کشمیر کے لوگ پاکستان کے لیئے قربانی دے رہے ہیں اور پاکستان کے نام پر اپنی جانوں کا نذرانہ دے رہے ہیں ۔