پنجاب یونیورسٹی نے کل پاکستان ہم نصابی سرگرمیوں کا سالانہ مقابلہ جیت لیا

جی سی یونیورسٹی لاہور اور فیصل آباد کی مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن ،سکول کیٹگری میں دی پنجاب سکول اور گیریژن اکیڈمی کی پہلی اور واپڈا سکول کی دوسری پوزیشن

جمعہ 27 اپریل 2018 19:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) پنجاب یونیورسٹی فیصل آڈیٹوریم میں منعقدہ کل پاکستان ہم نصابی سرگرمیوں کے دوسرے سالانہ مقابلوں میں پنجاب یونیورسٹی نے ٹیم ٹرافی اور ایک لاکھ روپے انعام جیت لیا جبکہ سکول کیٹگری میں دی پنجاب سکول اور گریژن اکیڈمی سرور شہید کیمپس نے مشترکہ طور پر ٹیم ٹرافی حاصل کی۔ہم نصابی سرگرمیوں کے دوسرے سالانہ مقابلے پنجاب ہائر ایجوکشن کمیشن ،پنجاب یونیورسٹی ، دی ایجوکیشنسٹ اور نیب نے مشترکہ طور پر ادارہ تعلیم و تحقیق میں منعقد کرائے ۔

جی سی یونیورسٹی لاہور اور فیصل آباد نے مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن اور پچاس ہزار کیش ایوارڈ حاصل کیا جبکہ یونیورسٹی آف ویٹرینری اینڈ اینمل سائنسز نے تیسری پوزیشن حاصل کی ۔

(جاری ہے)

سکول کیٹیگری میں واپڈا ہائی سکول شالامار اور دانش سکول بوائز چشتیاں نے بالترتیب دوسری اور تیسری پوزیشن حاصل کی۔چیئرپرسن پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر محمد نظام الدین نے فیصل آڈیٹوریم میں منعقد ہونے والی تقسیم تقریب انعامات سے خطاب کرتے ہوئے فاتح ٹیموںکے لئے تین لاکھ روپے کے کیش انعامات دینے کا اعلان کیا ۔

اختتامی تقریب کی صدارت پنجاب یونیورسٹی کے ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومینٹز پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چاولہ نے کی جبکہ اس موقع پر چیف ایڈیٹر دی ایجوکیشنسٹ پروفیسر ڈاکٹر شفیق جالندھری ، سینئر تجزیہ کار ڈاکٹر مجاہد منصوری ، افضال ریحان ، ڈائریکٹرنیب لاہور سید محمد حسنین ، ڈائریکٹر ادارہ تعلیم و تحقیق ڈاکٹر رفاقت علی اکبر ، ایڈیٹر دی ایجوکیشنسٹ شبیر سرور، ڈائریکٹر ایونٹس اے آر ساجد اورتمام صوبوں اور کشمیر سے 350اداروں کے 15سو سے زائد طلباء و طالبات نے شرکت کی ۔