Live Updates

ْپی ٹی آئی عام عوام کو اپنے حقوق کیلئے کھڑا کرنے کیلئے غیر متزلزل عزم پرقائم ہے ،اسدقیصر

اس وقت ملک کو ایک ایماندار قیادت کی ضرورت ہے جو عمران خان کی صورت میں ہمارے درمیان موجودہے،سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی

جمعہ 27 اپریل 2018 20:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2018ء) سپیکر خیبرپختونخوااسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی عام عوام کو اپنے حقوق کیلئے کھڑا کرنے اور ان میں شعور پیدا کرنے کیلئے غیر متزلزل عزم پرقائم ہے ۔جس کے لئے لوگوں کو منظم کرنے کا عمل جاری رہے گا انہوںنے پی ٹی آئی ورکروں پر ذور دیا کہ وہ پارٹی کی جڑوں کو مضبوط کرنے کیلئے عوام کے ساتھ روابط مضبوط کریں اور پارٹی کے پیغام کو گلی گلی کوچے کوچے عام کریں ۔

انہوںنے کہا کہ اس وقت ملک کو ایک ایماندار قیادت کی ضرورت ہے جو عمران خان کی صورت میں ہمارے درمیان موجودہے ۔انشاء اللہ عوام کی طاقت سے آئندہ صوبوں سمیت ملک بھرمیں بھی پاکستان تحریک انصاف کی حکومتیں قائم ہونگی اور عمران خان کی قیادت میں ملک میں ایک فلاحی ریاست قائم ہوگی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے ان خیالات کا اظہارصوابی کے موضع ذروبی میںایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب سے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے بھی خطاب کیااس موقع پر ضلع کونسل کے ممبر بابویوسف اسلام نے اپنے خاندان اور درجنوں ساتھیوں سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔سپیکر نے کہا کہ سابقہ ادوار میں سبزوسرخ جھنڈوں اور شریعت کے نام پر ووٹ لینے والے عوام کو ورغلاکر بیوقوف بناتے رہے ۔انہوںنے نہ تو صوابی کیلئے کوئی ترقیاتی کام کئے اور نہ ہی اسلامی قانون سازی کی ۔

انہوںنے کہا کہ ا ب کرپشن ،جھوٹ اور منافقت کی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کرکے صوابی کو حقیقی معنوں میں ترقی سے ہمکنار کرنے والے عملی اور وعدے کے پکے لوگوں کا انتخاب کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔سپیکر نے کہا کہ ایک جانب انہوںنے ضلع صوابی میں میگاترقیاتی منصوبوں کا اجراء کرکے علاقے کو ترقی دینے کے ساتھ ساتھ لوگوں کیلئے روزگار کے مواقع پیداکئے جبکہ دوسری جانب ان کے ہاتھوں صوبہ میں اسلامی قانون سازی کا عمل کا میابی سے مکمل ہوا جس میں معاشرے سے غیر اسلامی سودی کاروبار کے خاتمے کیلئے قانون پاس کرکے سود خودروں کیلئے سزائیں مقررکرنا،سکولوں میں ناظرہ قرآن اور باترجمہ قرآن پڑھانے کا نظام رائج کرنا ،عقیدہ ختم نبوت صوبہ بھر کے نصاب میں شامل کرنا ،حضرت عمرؓ کی شہادت کا دن منانے کیلئے عام تعطیل کااعلان کرنا ،صوبہ بھر کی مساجد کے بجلی نظام کو سولر سسٹم پر منتقل کرنا ،آئمہ کرام کیلئے وظائف مقررکرنا وغیر ہ شامل ہیں۔

سپیکر نے کہا کہ سی پیک کے حوالے سے مغربی روٹ کے منصوبوں کے بارے میں انہوںنے پشاور ہائی کورٹ میںرٹ داخل کی تھی ہائی کورٹ سے عوام کے حق میں کیس جیتنے کے بعد مرکزی حکومت نے مجبور ہو کرخیبر پختونخوا کے لئے میگا منصوبوں کی منظور دی ۔انہوںنے کہا کہ یہ خیبرپختونخوا کے عوام کی جیت ہے اور عوام کیلئے ایک بہت بڑی خوشخبری بھی ہے ۔ان منصوبوں کے تحت رشکئی کے مقام پر ایک اکنامک زون کا قیام عمل لایا جائے گا جس میں تقریباً20لاکھ بے روزگار وں کی کھپت ہوگی ۔

اس منصوبے کے باعث بے روزگاری پر قابو پانے میں بڑی حدتک مددملے گی ۔سپیکرنے کہا کہ نوازشریف کی حکومت جب بھی اقتدارمیں آئی تو انہوںنے صوابی کو محرومیت سے دوچار کیا ۔پہلی حکومت میں گدون کی مراعات چھین لیں دوسری بار حکومت میں صوابی کا پانی چوری کرکے لوگوں کو بے روزگار کیا ۔انہوںنے کہا کہ عوام مسلم لیگ ،اے این پی اور ایم ایم اے کے اصلی چہروں سے بخوبی واقف ہوگئے ہیں اور آئندہ ان مداریوں کی باتوں میں نہیں آئیں گے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات