پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ جبیں پنجاب یونیورسٹی اور پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ منظور لاہور کالج فاروویمن یونیورسٹی میں وائس چانسلر تعینات، نوٹیفیکیشن جاری کردیا گیا

ہفتہ 28 اپریل 2018 13:27

لاہور۔28 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 اپریل2018ء) پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ جبیں کو پنجاب یونیورسٹی لاہوراور پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ منظورکو لاہور کالج فاروویمن یونیورسٹی میں قائم مقام وائس چانسلر تعینات کردیا گیا،گورنرپنجاب کی منظوری کے بعد حکومت نے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق ڈاکٹر ناصرہ جبین جامعہ پنجاب میںڈین انسٹیٹیوٹ آف ایڈمنسٹریشن سائنسز ہیں جبکہ پروفیسر ڈاکٹر فرخندہ منظورلاہور کالج فاروویمن یونیورسٹی میں ڈائریکٹرانسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن ، زوالوجی کی پروفیسراور وزیر اعلیٰ پنجاب کی انسداد ڈینگی کمیٹی کی ممبر بھی ہیں۔

پنجاب یونیورسٹی اور لاہور کالج فا رویمن یونیورسٹی میں قائمقام وائس چانسلر کی تقرری کیلئے سرچ کمیٹی نے انٹرویوزجمعہ کے روزیہاں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں کئے، دونوں یونیورسٹیز میں وائس چانسلر کی تعیناتی کیلئے 8 امیدواروں کوبلایا گیاتھا،پنجاب یونیورسٹی میں قائمقام وائس چانسلرکیلئے تقی زاہد بٹ،ڈاکٹر شاہد کمال،فخراللہ حق نوری،ناصرہ جبیں اور ڈاکٹر نیاز احمد جبکہ لاہور کالج فا رویمن یونیورسٹی کیلئے پروفیسر ڈاکٹر بشریٰ خان،پروفیسر ڈاکٹرشگفتہ نازاورپروفیسر ڈاکٹر فرخندہ منظورکے انٹرویوزہوئے تھے۔

(جاری ہے)

پنجاب یونیورسٹی لاہور اور لاہور کالج فاروویمن یونیورسٹی میں انٹرویو کرنیوالی 5رکنی سرچ کمیٹی کے کنوینئر معروف صنعتکارعبد الرزاق دائود جبکہ دیگر ممبران میں چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈڈاکٹر عمر سیف،چیئرمین ایکریڈیشن کمیٹی پنجاب ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی،چیئرپرسن پنجاب کمیشن فارویمن ڈاکٹر فوزیہ وقار،سیکرٹری ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب بیرسٹرنبیل اعوان شامل تھے۔واضح رہے مذکورہ دونوں جامعات میں وائس چانسلر کی تعیناتیوں پر سپریم کورٹ نے از خود نوٹس لیا تھااور ہائر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کو میرٹ پر نئے وائس چانسلر تعینات کرنے کے احکامات جاری کئے تھے۔