پاک فوج کے عظیم ہیرو اور نشانِ حیدر پانے والے میجر شبیر شریف(شہید )75واں یوم پیدائش منایا گیا

ہفتہ 28 اپریل 2018 19:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 اپریل2018ء) پاک فوج کے عظیم ہیرو اور نشانِ حیدر پانے والے میجر شبیر شریف(شہید )75واں یوم پیدائش گزشتہ روز منایا گیا ۔ میجر شبیر شریف پاک فوج کے وہ واحد جوان ہیں جنہیں تین اعزازات سے نوازا گیا جن میں اعزازی شمشیر، ستارہ جرات اور نشان حیدر شامل ہیں۔میجر شبیر شریف 28اپریل1943ء کو گجرات میں پیدا ہوئے۔

انہوں نے 19اپریل 1964 ء کو پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا اور فرنئیر فورس رجمنٹ میں تعینات ہوئے۔ 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں دشمن کا بھرپور مقابلہ کرنے پر میجر شبیر شریف کو ستارہ جرات سے نوازا گیا۔تین دسمبر 1971ء کو وہ سلیمانکی سیکٹر میں فرنئیر فورس رجمنٹ کی ایک کمپنی کی قیادت کر رہے تھے۔ ان کو ایک اونچے بند پر قبضہ کرنے کی مہم سونپی گئی جہاں دو گائوں گورمکھ کھیڑہ اور بیری والا زد میں آسکتے تھے۔

(جاری ہے)

فوجی لحاظ سے اس جگہ کی بڑی اہمیت تھی اور اسی وجہ سے بھارت نے یہاں آسام رجمنٹ کی ایک کمپنی مامور کی تھی۔ مطلوبہ پوزیشن تک پہنچنے کے لئے انہیں تیس فٹ چوڑی اوردس فٹ گہری دفاعی نہر کو تیر کر عبور کرنا اور دشمن کے بارودی سرنگوں کے علاقے سے گزرنا تھا مگر میجر شبیر شریف نے اپنی کمپنی کے ساتھ یہ تمام مرحلے طے کر لئے اور 3دسمبر کی شام تک دشمن کو اس کی دفاعی قلعہ بندیوں اور خندوقوں سے باہر نکال دیا۔

اس معرکے میں بھارت کے 43سپاہی مارے گئے اور دشمن کے چار ٹینک تباہ ہوئے۔پانچ اور چھ دسمبر کی درمیانی شب میجر شبیر شریف نے آسام رجمنٹ کے کمپنی کمانڈر کو ہلاک کرکے بند پر مکمل قبضہ جمالیا شکست کا بدلہ لینے کیلئے چھ دسمبر کو دشمن نے جوابی حملہ کیا حملے کا دفاع کرتے ہوئے میجر شبیر شریف اینٹی ائیر کرافٹ گن سے بھارت کے ٹینکوں پر گولہ باری کر رہے تھے کہ دشمن کے ٹینک کا ایک گولہ آگرا جس کے نتیجے میں میجر شبیر چھ دسمبر 1971ء کو شہادت کے مرتبے پر فائز ہوگئے۔شہادت کے وقت میجر شبیر شریف کی عمر صرف اٹھائیس برس تھی حکومت پاکستان نے انہیں ان کی اعلی عسکری خدمات پر نشانِ حیدر کا اعزاز عطا کیا ۔میجر شبیر شریف لاہور میں میانی صاب کے قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔