3 ارب روپے کی لاگت سے پشاور ایئر پورٹ کی توسیع اور بہتری کا منصوبہ تکمیل کے مراحل میں ہے، مہتاب احمد خان

اتوار 29 اپریل 2018 17:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 اپریل2018ء) وزیراعظم کے مشیر برائے ہوابازی سردار مہتاب احمد خان نے کہا ہے کہ پشاور خیبرپختونخوا کا دارالحکومت اور دنیا کے اہم خطہ کا مرکز ہے جہاں ہوائی مسافروں کو اعلی معیار کی جدید سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے 3 ارب روپے کی لاگت سے ائرپورٹ کی توسیع اور بہتری کا منصوبہ تکمیل کے مراحل میں ہے ۔

(جاری ہے)

یہاں جا ری ہونے والی پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے ان خیالات کا اظہار باچا خان انٹرنیشنل ائرپورٹ کے توسیعی منصوبہ کے معائنہ کے دوران کیا اس موقع پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر پلاننگ نادر شفیع ڈار، پراجیکٹ ڈائریکٹر کاشف شاہ، ایڈیشنل ڈائریکٹر عبید عباسی، ائرپورٹ منیجر ثمر رفیق اور دیگر حکام نے منصوبہ کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ 3 ارب روپے کی لاگت کے اس توسیعی منصوبہ میں پہلی مرتبہ پشاور ائرپورٹ میں جدید ترین سہولیات سے آراستہ انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک لاؤنجز تعمیر کئے گئے ہیں انٹرنیشنل لاؤنج میں بیک وقت 1 ہزار سے زائد جبکہ ڈومیسٹک لاؤنج میں 5 سو سے زائد مسافروں کی گنجائش ہوگی ائرپورٹ پر 2 پیسنجر بورڈنگ بریجز لگائی گئی ہیں جبکہ تیسری بورڈنگ بریج کو توسیعی منصوبہ میں شامل کیا گیا ہے مسافروں کی سہولت کے لئے برقی زینے اور لفٹس لگائی گئی ہیں ائرپورٹ پر ریپڈ ڈراپ لین قائم کی گئی ہیں جبکہ انٹرنیشنل پروازوں کے مسافروں کے لئے فاسٹ ٹریک کا جدید نظام نصب کیا گیا ہے ائرپورٹ پر ایکسکلوسیو پارکنگ کے لئے کثیر منزلہ بلڈنگ تعمیر کی جا رہی ہے اور سامان کی ترسیل میں تاخیر کے سدباب کے لئے انٹرنیشنل لاؤنج میں 4 کنوئیر بیلٹ جبکہ ڈومیسٹک لاؤنج میں 3 کنوئیر بیلٹ نصب کی گئی ہیں ائرپورٹ پر دیگر سہولیات کے ساتھ ساتھ تمام تر سہولیات سے آراستہ وسیع گنجائش کی مسجد بھی تعمیر کی جا رہی ہے مشیر ہوابازی سردار مہتاب احمد خان نے کہا کہ خطہ میں پشاور کی تجارتی، ثقافتی اور جیو سٹرٹیجک اہمیت کے پیش نظر باچا خان ائرپورٹ کا یہ توسیعی منصوبہ موجود حکومت کے اس وڑن کا حصہ ہے جس کے تحت اسلام آباد میں نئے ائرپورٹ کی تعمیر کے ساتھ ملک بھر کے ہوائی اڈوں پر مسافروں کو ب بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ پشاور ائرپورٹ کے قیام کے بعد پہلی مرتبہ اس ائرپورٹ میں اتنی خطیر مالیت کے توسیعی منصوبہ کا آغاز کیا گیا یہ امر خوش آئند ہے کہ اس منصوبہ کی منصوبہ بندی اور تعمیر میں جدت اور خوبصورتی کے ساتھ اعلی تعمیراتی معیار کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کی گئی سردار مہتاب احمد خان نے سی اے اے حکام کو ہدایت کی کہ ائرپورٹ پر نئی مسجد کی تعمیر میں اس امر کو یقینی بنایا جائے کہ اس نئی عمارت میں زیادہ نمازیوں کی گنجائش اور بہترین سہولیات کی فراہمی کے ساتھ مسجد کی عمارت اپنی خوبصورتی میں اسلامی آرکٹیکچر (طرز تعمیر) کا شاہکار ہو انہوں نے متعلقہ حکام کو باچا خان انٹرنیشنل ائرپورٹ میں نئے پاور پلانٹ کی تنصیب کی بھی ہدایت کی۔