آصف زرداری کا بلاول ہاؤس لاہورسےکوئی بیان جاری نہیں ہوا،ترجمان

آصف علی زرداری سے میڈیا کا کوئی وفد ملا ہے نہ ہی ان کی آج کوئی میڈیا سے بات چیت ہوئی ہے۔ترجمان شریک چیئرمین آصف زرداری کی تردید

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 30 اپریل 2018 17:05

آصف زرداری کا بلاول ہاؤس لاہورسےکوئی بیان جاری نہیں ہوا،ترجمان
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30اپریل 2018ء) : پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچہ نے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق صدرآصف زرداری کا بلاول ہاؤس لاہورسےکوئی بیان جاری نہیں ہوا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان آصف علی زرداری عامرفدا پراچہ نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ آصف علی زرداری سے میڈیا کا کوئی وفد ملا ہے نہ ہی ان کی آج کوئی میڈیا سے بات چیت ہوئی ہے۔

آصف زرداری کا بلاول ہاؤس لاہورسےکوئی بیان جاری نہیں ہوا۔واضح رہے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری کا بیان سامنے آیا ہے جس کے مطابق انہوں نےبلاول ہاؤس لاہور میں پارٹی رہنماؤں اور سینئر صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ نواز شریف نے ہرموقع پر ہمیں اسٹیبلشمنٹ سے لڑا کر خود ہاتھ ملا لیا، پرویز مشرف کے مواخذے سے لے کر اینٹ سے اینٹ کے بیان تک نواز شریف نے ہاتھ کرایا، میں نے پرویز مشرف کے مواخذے کا اعلان کیا تو نواز شریف پیچھے ہٹ گئے، انہوں نے پرویز مشرف کے مواخذے میں ساتھ دینے کے لئے شرائط عائد کردی تھیں۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ نواز شریف نے پرویز مشرف پر غداری کا مقدمہ بنایا تو ہم نے ان کا ساتھ دیا۔ نواز شریف نے اپنے قریبی افسر کے ذریعے یقین دلوایا کہ وہ پرویز مشرف کو جانے نہیں دیں گے، میں نے یقین کر لیا اور بلے کو جانے نہ دینے کا بیان دیا مگر نواز شریف نے پرویز مشرف کو باہر بھجوا دیا۔ بعد میں پتہ چلا کہ نواز شریف جب مجھے یقین دلا رہے تھے اس سے پہلے ہی وہ پرویز مشرف کے معاملے پر ڈیل کر چکے تھے۔

آصف زرداری نے کہا کہ نواز شریف نے میرے اینٹ والے بیان کا فائدہ اٹھاتے ہوئے راحیل شریف سے معاملات سیدھے کرنے کی کوشش کی، سندھ میں نیب اور دیگر اداروں کے ذریعے کارروایاں بھی نواز شریف کے کہنے پر ہوئیں، وہ اپنا کیا خود بھگتیں، میں اب کسی صورت اس سے ہاتھ نہیں ملائیں گے۔