پاکستان پوسٹ قومی اہمیت کا حامل محکمہ ہے، نذیر احمد آرائیں

پیر 30 اپریل 2018 22:26

بوریوالہ۔30 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری قانون و انصاف چوہدری نذیر احمد آرائیں نے کہا ہے کہ پوسٹل سروس پوری دنیا میں کامیابی سے چل رہی ہے ،موجودہ دور میں پاکستان پوسٹ بھی انتہائی قومی اہمیت کا حامل محکمہ ہے جس کی افادیت مسلمہ ہے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواحی گائوں چک 329ای بی میں پاکستان پوسٹ کی نئی برانچ کی افتتاحی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا ،تقریب سے پاکستان پوسٹ ضلع وہاڑی کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر محمد اسحاق خیام ، منیر نواز سلہریا اور چوہدری منظور احمد سلہریا نے بھی خطاب کیا، چوہدری نذیر احمد آرائیں نے کہا کہ کسی بھی جگہ پوسٹ آفس کی منظوری اور قیام بڑا کٹھن مرحلہ ہے، چک 329ای بی میں پوسٹ آفس کی منظوری میں پاک سیکرٹریٹ اسلام آباد کے آفیسر منیر نواز سلہریا جو کہ اسی گائوں کے رہائشی ہیں کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، انہوں نے کہا کہ گائوں میں ڈاکخانہ کے اجراء سے اردگرد چکوک کے لوگوں کو بھی پوسٹل لائف انشورنس ، پنشن،یوٹیلٹی بلز اور اپنی امانتیں جمع کروانے و حاصل کرنے کی سہولت ان کے گھر کی دہلیز پر میسر آئیں گی ، چوہدری نذیر احمد آرائین نے اعلان کیا کہ اس گائوں کے لوگوں کو ویسٹرن یونین سے رقوم وصول کرنے کی بھی سہولت ملے گی جبکہ اگلے ہفتے چک 329ای بی میں ایک ڈسپنسری کا افتتاح اور گائوں کے گرلزہائی سکول کو ہائر سیکنڈری سکول کا درجہ بھی دیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے اپنے پانچ سالہ دور میں بورے والا میں اربوں روپے کے ترقیاتی کام کروائے ہیں اور آئندہ الیکشن میں بھی ن لیگ کامیابی حاصل کر کے حکومت بنائے گی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے منیر نواز سلہریا نے ممبر قومی اسمبلی چوہدری نذیر احمد آرائیں و دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ان کے گائوں کو قائم ہوئے 90سال گزر چکے ہیں جبکہ ڈاکخانہ کے قیام سے ہمارے گائوں کو ایک شناخت مل گئی ہے، اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاکستان پوسٹ ضلع وہاڑی اسحاق خیام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایک عارضی عمارت میں فوری طور پر پوسٹ آفس قائم کر دیا گیا ہے ، جلد ہی اہلیان دیہہ کے تعاون سے مستقل عمارت تعمیر کی جائے گی ،تقریب میں گائوں کے معززین فاروق خورشید سلہریا،مبشر حیات سلہریا ،چوہدری عبدالرزاق سلہریا ایڈووکیٹ ،چیئر مین یونین کونسل چوہدری محمد اسحاق،بلدیہ بورے والا کے کونسلرز میاں خالد حسین ،میاں ثناء اللہ رحمانی ،چوہدری محمد علی ،سیٹھ اسرار احمد سمیت معززین علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔