صوبے کے تمام اضلاع میں اینٹوں کے بھٹوں پر جبری مشقت کے خاتمے کیلئے جاری کریک ڈائون میں مزید تیزی لائی جائے ،آئی جی پنجاب

پیر 30 اپریل 2018 22:41

صوبے کے تمام اضلاع میں اینٹوں کے بھٹوں پر جبری مشقت کے خاتمے کیلئے جاری ..
لاہور۔30 اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اپریل2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے کہا ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع میں اینٹوں کے بھٹوں پر جبری مشقت کے خاتمے کیلئے جاری کریک ڈائون میں مزید تیزی لائی جائے اور ڈی پی اوز اپنے اپنے اضلاع میں بھٹوں کی انسپکشنز کا عمل جاری رکھتے ہوئے قانون کی خلاف ورزی میں ملوث مالکان و مینجرز کے خلاف سخت قانونی کاروائی کو یقینی بنائیں ۔

انہوں نے مزید کہا کہ شب برات اور رمضان المبارک کی آمد کے حوالے سے مساجد، امام بارگاہوں سمیت دیگر مذہبی اجتماعات کی سیکیورٹی کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کار لا کر فول پروف سیکیورٹی پلان ترتیب دیا جائے ، حساس عبادت گاہوں کی عمارتوں پر سنائپرزاور اندر سادہ لباس میں کمانڈوز کو لازمی تعینات کیا جائے جبکہ مساجد اور امام بارگاہوں کے گر دو نواح میں سرچ ، سویپ ، کومبنگ اور انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں مزید تیزی لائی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ8787آئی جی کمپلینٹ سروس پر آنے والی شکایات کے ازالے میں تاخیر کسی صورت قابل برداشت نہیں ، جو افسران شہریوں کی جانب سے درج کروائی گئی شکایات حل کرنے میں سستی ، غفلت اور تاخیری حربے استعمال کرتے ہیں انہیں اظہار نا پسندیدگی کے لیٹر جاری کئے جائیں اور تمام آر پی اوز 8787کمپلینٹ سروس پر آنے والی شکایات کی مانیٹرنگ کو لازمی طور پر یقینی بنائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹرل پولیس آفس میں ہونے والی ویڈیو لنک کانفرنس کے دوران صوبے کے تمام آر پی اوز کو ہدایات دیتے ہوئے کیا ۔ کانفرنس میں ایڈیشنل آئی جی ڈی اینڈ آئی اعجاز حسین شاہ ،سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس ، ڈی آئی جی لیگل عبدالرب چوہدری ، ڈی آئی جی آپریشن لاہور ، ڈاکٹر حیدر اشرف ،ڈی آئی جی ٹیلی کمیونیکیشن شاہد جاوید،اے آئی جی آپریشن عمران محمود اور ایس پی سیکیورٹی عمارہ اطہر سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے ۔

اجلاس میں سینئر پولیس افسران نے آئی جی پنجاب کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ گذشتہ 2روز کے دوران پنجاب کے تمام اضلاع میں اینٹوں کے بھٹوں پر جبری مشقت کے خاتمے کیلئے مہم کی صورت تیز ترین کاروائیاں جاری ہیں جس کے نتیجے میں اب تک 182بھٹہ مالکان ومینجرز کے خلاف مقدمات کا اندراج کرتے ہوئے مجموعی طور پر122 افراد کو حراست میں لیا گیاہے جن میں 85بھٹہ مالکان اور37مینجرزشامل ہیں ۔

آئی جی پنجاب کو مزید بتایا گیا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں ڈی پی اوز اور ایس ڈی پی اوز کی زیر نگرانی 3113بھٹوں کی انسپکشنز کی گئیںجبکہ چائلڈ لیبر ایکٹ 2016 کے تحت بھٹوں سے 255بچوں کو بھی بازیاب کروایا گیاجس پر آئی جی پنجاب نے کاروائیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی ۔ اجلاس میں آئی جی پنجاب کو بتایا گیا کہ رمضان المبارک کے دورا ن A، Bاور C کیٹیگری کی 32585مساجد اور امام بارگاہوں میں پانچوں وقت کی نماز اور تراویح کے اوقات کے دوران65000 سے زائد پولیس افسران ، اہلکار اور والنٹئیرز کو سیکیورٹی کیلئے مقرر کیا جا رہا ہے اور اس ضمن میں تمام اضلاع سیکیورٹی پلان کی تشکیل میں مصروف ہیں ۔

آئی جی پنجاب نے پی ٹی آئی کے مینار پاکستان میں جلسہ کے موقع پر بہترین سیکیورٹی انتظامات یقینی بنانے پر لاہور پولیس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور ڈاکٹر حیدر اشرف کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ لاہو رپولیس کی کارکردگی صوبے کے دیگر اضلاع کیلئے قابل تقلید ہے ۔