حضرت لعل شہباز قلندر کے سالانہ عرس کے موقع پرٹرینوں اور ریلوے اسٹیشنوں کی سکیورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری

کسی بھی حادثے سے بچنے کیلئے ٹرینوں میں گیس سیلنڈروں سمیت دھماکہ خیز مواد، آتش گیر مادہ یا چولہا لے کر جانے پر پابندی عائد

پیر اپریل 23:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 اپریل2018ء) پاکستان ریلویز نے حضرت لعل شہباز قلندر کے سالانہ عرس کے موقع پرٹرینوں اور ریلوے اسٹیشنوں کی سکیورٹی سخت کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ اس سلسلے میں آئی جی ریلوے پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمان کی خاص ہدایات پرڈی آئی جی ریلوے پولیس شارق جمال کی طرف سے مراسلہ جاری کیاگیا جس میں تمام سپرنٹنڈنٹ ریلوے پولیس کوکہا گیا ہے کہ وہ اس دوران ٹرینوں اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور کسی بھی حادثے یا ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے ٹرینوں میں گیس سیلنڈروں سمیت دھماکہ خیز مواد، آتش گیر مادہ یا چولہا لے کر جانے پر پابندی عائد کردی ہے ۔

پاکستان ریلویز نے ہر سال کی طرح اضافی رش کے پیش ِ نظریکم سے 10مئی 2018تک ملک کے تمام بڑے اسٹیشنوں ، لاہور۔۔

(جاری ہے)

فیصل آباد۔ ملتان ۔ سکھر۔ حیدرآباد۔ کوٹری اور کراچی سے سیہون شریف تک سپیشل ٹرینیں اور اضافی کوچز چلانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ میٹل ڈیٹکٹر کے ساتھ لاہور ۔ ملتان ۔ روہڑی ۔ سکھر۔ جیکب آباد۔ نواب شاہ ۔ حیدرآباد۔ کوٹری ۔ لاڑکانہ ۔ دادواورسیہون شریف میں تمام ٹرینوں کو باقاعدگی سے چیک کیا جائے ۔

بم ڈسپوزل آفیسراور متعلقہ ڈویژنوں کے پولیس آفیسر مل کر اہم اسٹیشنوں اور ٹرینوں کو چیک کریں گے جبکہ ٹریک کی نگرانی بڑھانے کی بھی سختی سے ہدایت کی گئی ہے ۔ ڈویژنل میڈیکل آفیسر کراچی سیہون میں فرسٹ ایڈ کیمپ قائم کریں گے اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کراچی پولیس کی مدد سے سیہون میں کسی بھی ناگہانی صورت حال سے نمٹنے کے لیے سپیشل ٹرینوں کی واپسی تک ایمرجنسی کیمپ بھی لگائیں گے۔ علاوہ ازیں2ایمبولینس اور ایک فائر برگیڈ کی گاڑی سیہون شریف ریلوے اسٹیشن پرموجود رہے گی اور فرسٹ ایڈ کی ڈسپنسری بھی سیہون شریف ریلوے اسٹیشن پر قائم کردی جائے گی عوام کو تمام انتظامات سے آگاہ کرنے کے لیے ڈی ٹی ای کراچی ریلوے اسٹیشن پر اعلانات بھی کریں گے۔