آئی جی سلطان اعظم تیموری کی زیر صدارت خواتین پر تشدد کی روک تھام ،بچوں کی حفاظت کے سلسلہ میں اجلاس

خواتین،بچوں اور کمزور طبقہ کو تحفظ فراہم کرنا اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے،ویمن پولیس سٹیشن کو خواتین پر تشددکی روک تھام ،بچوں کے حفاظتی سینٹر کا نام دیا گیا ہے مقصدایک چھت تلے خدمات فراہم کرنا ہے، آئی جی اسلام آباد پولیس کا خطاب

پیر 30 اپریل 2018 23:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری کی زیر صدارت سنٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں خواتین پر تشدد کی روک تھام اور بچوں کی حفاظت کے سلسلہ میں قائم کئے جانے والے سنٹر کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ہو ا ، اس اجلا س میں ڈی آئی جی آپریشنز وقار احمدچوہا ن ،اے آ ئی جی آ پر یشنز عصمت اللہ جو نیجو ، ایس ایس آپریشنز نجیب الرحمان بگوی ، ایس پی صدر محمد عامر خان نیا زی ، اے ایس پی عمر خا ن کے علاوہ ڈاکٹر ،لائر ،جرنلسٹ ،سائیکالوجسٹ اور دیگرکمیٹی کے ممبر ان نے بھی شرکت کی ،آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ ویمن پولیس سٹیشن کو خواتین پر تشددکی روک تھام اور بچوں کے حفاظتی سینٹر کا نام دیا گیا ہے جس کا مقصدانہیں ایک چھت تلے خدمات فراہم کرنا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے سنٹر کا قیام دور حاضر کی اہم ضرورت ہے ۔ خواتین،بچوں اور کمزور طبقہ کو تحفظ فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داریوں میں شامل ہے ۔آئی جی اسلام آباد نے اجلاس کے شرکاء سے سنٹر کو مزید فعال بنانے اور کام میں مزید بہتری لانے کے لئے تجاویز لیں اور ان تجاویز پر ایک ایس او پی بنانے کے احکامات جاری کئے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس خواتین اور بچوں کی حفاظت کے لئے تمام تر ضروری اقدامات بروئے کا ر لارہی ہے اور اس سلسلہ میں کمیٹی ممبران خصوصا ڈاکٹر ،لائر اور سائیکالوجسٹ کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اس سنٹر کے قیام سے لے کر ابھی تک خصوصی دلچسپی اور لگن کے ساتھ فرائض سرانجام دے رہی ہیں ۔

آئی جی نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ ہیلپ لائن نمبر 8090پر آنے والی تمام کالز پر فوری ایکشن لیا جائے ۔بھیک مانگنے والے بچوں کے لئے بھی ایک خصوصی پارک تیار کیا جائے جہاں ان کی ذہنی نشوونما اور بھیک مانگنے سے بچاو کے لئے خصوصی لیکچرز کا اہتمام کیا جائے۔خواتین کے لئے بھی ایک ڈے کئیر سنٹر بنایا گیا جہاں پر ان کی حفاظت کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔آخر میں تمام ممبران نے اس سنٹر کو مزید فعال بنانے اور اس کے کام میں بہتری لانے کا عزم کیا ۔

متعلقہ عنوان :