ضلع چکوال کی سیاست میں تبدیلی آ گئی

رکن پنجاب اسمبلی چوہدری سلطان حیدر کی کال پر تمام ایم پی ایز اکٹھے ہوگئے میاں نواز شریف کی چکوال آمد پر بھرپور جلسہ منعقد کرنے کا فیصلہ

پیر 30 اپریل 2018 23:31

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 اپریل2018ء) ضلع چکوال کی سیاست میں بونچھال آگیا۔ گزشتہ ڈیڑھ سال سے ایک دوسرے کیخلاف نعرے لگانے والے کے ہم ایک دوسرے کیساتھ نہیں بیٹھ سکتے بال آخر رکن پنجاب اسمبلی چوہدری سلطان حیدر کی کال پر تمام ایم پی اے سیکرٹریٹ میں اکٹھے ہوگئے۔ ان عمائدین میں، مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ملک سلیم اقبال، ملک فلک شیراعوان، سردار ممتاز ٹمن، صوبائی وزیر ملک تنویر اسلم سیتھی، ایم پی اے مہوش سلطانہ، چوہدری امتیاز کرسال، چیئرمین کریالہ،امیر خان ٹمن، چوہدری ارشد بکھاری کلاں، چیئرمین ملک نعیم اصغر اعوان، سردار غلام عباس، ایم این اے بیگم عفت لیاقت، میجر طاہر اقبال، سردار ذوالفقار علی خان دلہہ، ملک شہریار اعوان، چیئرمین ضلع کونسل طارق اسلم ڈھلی، چیئرمین بلدیہ چوہدری سجاد احمد شامل تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوا اور سرداران چکوال اور میجر طاہر اقبال کے اکٹھے ہونے سے مسلم لیگ ن کے اندر ایک نئی جان پیدا ہوگئی ہے۔ اجلاس میں متفقہ طور پر طے پایا کہ دس مئی کو اپنے قائد میاں نواز شریف کی چکوال آمد پر بھرپور جلسہ منعقد کیا جائے گا۔ اس ضمن میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی جس میں چوہدری سلطان حیدر علی، چیئرمین ضلع کونسل طارق اسلم ڈھلی، چیئرمین بلدیہ چوہدری سجاد احمد، سردار ذوالفقار علی خان دلہہ اور ملک شہریار اعوان ایم پی اے شامل ہیں جو دس مئی کے جلسہ عام کے تمام انتظامات مکمل کریگی۔