حافظ نعیم الرحمن مجلس عمل کراچی کے صدر اور مستقیم نورانی جنرل سیکرٹری منتخب ہوگئے

مولانا راشد محمود سومرو کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں کراچی کے دیگر عہدیداران کا انتخاب عمل میں آیا

پیر 30 اپریل 2018 23:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2018ء) متحدہ مجلس عمل کی کشمور تا کراچی میں تنظیم سازی کا عمل مکمل ہو گیا ۔ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن مجلس عمل کراچی کے صدر اور جمعیت علمائے پاکستان کے مستقیم نورانی جنرل سیکریٹری منتخب ہو گئے ۔عہدیداران کا انتخاب مجلس عمل کراچی کو نسل کے اجلاس میں عمل میں آیا جو کہ ادارہ نورحق میں مجلس عمل کے صوبائی صدر مولانا راشد محمود سومرو کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔

جس میں مجلس عمل میں شامل جماعتوں کے چار چار نمائندے شریک ہو ئے ۔اجلاس میں کراچی کے دیگر عہدیداران کا انتخاب بھی کیا گیا ۔تنظیم سازی کا عمل مکمل اتفاق رائے سے مکمل ہوا ۔دیگر عہدیداران میں جے یوآئی کے سید حماد اللہ خان ،اسلامی تحریک کے علامہ جعفر سبحانی ،مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سید عامر نجیب شاہ اور جمعیت علمائے پاکستان کے مفتی محمد غوث صابری نائب صدور ،اسلامی تحریک کے مولانا کامران عابدی ،جے یو آئی کے مولانا احسان اللہ ٹکروی ،جماعت اسلامی کے مسلم پرویز اور مرکزی جمعیت اہلحدیث کے عبد الوہاب سیٹھار ڈپٹی جنرل سیکریٹری ،مرکزی جمعیت اہلحدیث کے محمد اشرف قریشی سیکریٹری اطلاعات اور مولا نا محمد غیاث خازن منتخب ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سینئر نائب صدر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ،جنرل سیکریٹری علامہ ناظر عباس نقوی ، ڈپٹی جنرل سیکریٹری اسلم غوری ،حلیم غوری ، سیکریٹری اطلاعات مجاہد چناء ، خازن قاری محمد عثمان ،صوبائی کونسل کے ممبر محمد حسین محنتی ،افضل سردار سمیت دیگر ذمہ داران نے شر کت کی ۔متحدہ مجلس عمل کراچی کے منتخب صدر حافظ نعیم الرحمن نے اجلاس سے خطاب کر تے ہو ئے کہا کہ مجلس عمل ایک اُبھر تی ہوئی اور متبادل قوت ہے اور کراچی کے عوام کو ہر گز مایوس نہیں کر یں گے ۔

ماضی میں کراچی کے عوام کا مینڈیٹ زور زبردستی اور دھاندلی کے ذریعے چھینا گیا اور انتخابات کے پورے عمل کو یر غمال بنایا گیا ۔مینڈیٹ چھیننے والوں اور جعلی مینڈیٹ کے ذریعے نمائندگی حاصل کر نے والوں نے عوام کو تباہی اور بر بادی کے سوا کچھ نہیں دیا ۔اب کراچی کے حالات تبدیل ہونے ہیں اور 30سال سے عوام کو بے وقوف بنانے والے اور حقو ق کے نام پر سیاست کر نے والے عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مجلس عمل کراچی کے عوام کو ایک متبادل قوت اور قیادت فراہم کر ے گی اور عوام کے اعتماد پر پورا اُترے گی ۔