رحمت آباد سرائے صالح کی چوہدری برادری کا امیدوار حلقہ این اے 17- عمر ایوب خان کی مکمل حمایت کا اعلان

بدھ 2 مئی 2018 12:32

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) رحمت آباد سرائے صالح کی چوہدری برادری نے امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 17- ہری پور عمر ایوب خان کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس حوالہ سے رحمت آباد کی چوہدری برادری کے زیراہتمام ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں عمر ایوب خان کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔ قبل ازیں سرائے صالح پہنچنے پر ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں پگڑی پہنائی گئی جس کے بعد برادری کے عمائدین نے اپنے دھڑا جنبہ سمیت عمر ایوب خان کی مکمل حمایت اور سپورٹ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے سابقہ کارکردگی کی بنیاد پر عمر ایوب خان کی حمایت کا اعلان کیا ہے، ان کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، وہ واحد لیڈر ہیں جو ہر سطح پر عوام کے حقوق کے تحفظ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس موقع پر عمر ایو ب خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان اور ا ن کے خاندان کی ہری پور کے عوام کیلئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، ان کے والد سابق سپیکر اور وزیر خارجہ گوہرایوب خان نے اپنے دور میں ہری پور کے ان علاقوں کو بھی بجلی کی سہولت فراہم کی جن کا کوئی تصور بھی نہیں کر سکتا، اسی طرح میدانی علاقوں میں گیس کی سہولت فراہم کی جبکہ انہوں نے اپنے پہلے دور میں بجلی و گیس کے باقی ماندہ مسائل کو حل کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر میگا پراجیکٹس مکمل کروائے اور سابق ایم این اے کے مختصر دور میں بھی بجلی و گیس کے متعدد منصوبوں کے ساتھ ساتھ خان پور سڑک کی تعمیر کا عوام کا دیرینہ مطالبہ پورا کیا اور پھر جب عدالت نے حلقہ میں دوبارہ الیکشن کا حکم دیا تو وہ اپنی والدہ کی شدید علالت کے باعث انتخاب میں حصہ نہ لے سکے اور دنیا کی بجائے والدہ کی خدمت کو ترجیحی دی۔

انہوں نے کہا کہ حطار انڈسٹریل اسٹیٹ، ٹی آئی پی فیکٹری اور ان جیسے دیگر میگا پراجیکٹس ان کے خاندان کے ہی کارنامے ہیں جن سے آج لوگ مستفید ہو رہے ہیں۔