قومی معیشت میں کاٹی کا کردار اہمیت کا حامل رہا ہے، ایسوسی ایشن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے

گورنر سندھ محمد زبیر کا کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈٖ اینڈ انڈسٹریز کے دورے کے موقع پر خطاب

بدھ 2 مئی 2018 21:49

قومی معیشت میں کاٹی کا کردار اہمیت کا حامل رہا ہے، ایسوسی ایشن کے مسائل ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مئی2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈٖ اینڈ انڈسٹریز (کاٹی) کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے صدر طارق ملک، سرپرست ایس ایم منیر، عبدالحسیب خان، زبیر چھایا، خالد تواب اور علی مظہر شیخ سمیت دیگر صنعت کار بھی موجود تھے۔ گورنر سندھ نے ایسوسی ایشن کے اراکین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قومی معیشت میں کاٹی کا کردار اہمیت کا حامل رہا ہے باالخصوص روزگار کے مواقع اور غربت کے خاتمے میں ایسوسی ایشن قومی خدمات انجام دے رہی ہے، ایسوسی ایشن کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے تاکہ صنعتی فعالیت مزید بہتر ہو سکے اس ضمن میں وفاقی و صوبائی حکومتوں سے متعلق مسائل کو متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے فوری حل کرایا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صنعتی فعالیت کے لئے حکومت نے بجٹ میں کئی مراعات اور درپیش مشکلات کے خاتمے کے لئے ترقیاتی منصوبے باالخصوص صنعتی علاقوں میں انفرااسٹرکچر کی بحالی و ترقی کے لئے بڑی رقم مختص کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جامع اور مربوط حکمت عملی کے باعث اب کوئی بھی کراچی کو بند نہیں کرا سکتا ہے، حکومت کے غیر متزلزل عزم اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک محنت اور کاوشوں کے باعث کراچی کی رونقیں دوبارہ بحال ہوئی ہیں اور شہر کے باسی سماجی، ثقافتی، ادبی، معاشی اور کھیلوں کی سرگرمیوں سے لطف اندوز ہورہے ہیں، 2013ء سے حکومت کو ملک میں امن و امان کے قیام اور توانائی بحران جیسے چیلنجز کا سامنا تھا، کراچی میں امن وفاقی حکومت کے سیاسی عزم اور مثبت سوچ کی بدولت ہی آیا جس میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھرپور کردار ادا کیا۔

گورنر سندھ محمد زبیر نے تمام اسٹیک ہولڈرز باالخصوص سرمایہ کار، صنعت کار اور تاجر برادری کے تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز کو دیئے جانے والے خصوصی اختیارات کی بدولت ہی کراچی سے جرائم پیشہ عناصر کا خاتمہ ممکن ہوا ہے، یہی وجہ ہے کہ امن وامان کے تسلسل کے لئے رینجرز صوبے میں موجود رہے گی۔ ملک کی معاشی تعمیر و ترقی کے لئے صنعت کاروں کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ بزنس کمیونٹی نے مشکل اور ناموافق حالات میں بھی ملک کی معیشت کو بہتری کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے مثبت سوچ کو برقرار رکھا جس کی بدولت آج پاکستان کی معیشت مستحکم ہے اور جو کہ آنے والی نئی حکومت کے لیے ایک تحفہ ہو گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ تمام معاشی اشاریے پچھلے پانچ سالوں کے مقابلے میں بہت بہتر ہیں جو موجودہ حکومت کی سخت اور مخلصانہ جہدوجہد کا ثمر ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگلے دس سال پاکستان کی معیشت کا سنہرے دور ہوں گے جس کی پیشنگوئی بین الاقوامی جریدے بھی کر رہے ہیں۔ گورنر سندھ کہا کہ امن و امان کے قیام کے بعد حکومت کی اولین ترجیح تیز رفتار معاشی ترقی پر مرکوز ہے جس کے لئے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

طارق ملک اور سرپرست ایس ایم منیر نے گورنر سندھ کو کاٹی کے اغراض ومقاصد، قومی معیشت میں کردار، صنعت کاروں اور سرمایہ کاروں کے مسائل، حائل رکاوٹوں اور درپیش مشکلات سے تفصیلی آگاہ کیا۔ انہوں نے بجٹ میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لئے اقدمات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اسے کاروبار دوست بجٹ قرار دیا۔