سال رواں کے 4ماہ میں 314مطلوب اشتہاری گرفتار کرلئے ہیں،کوہاٹ پولیس

بدھ 2 مئی 2018 21:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 مئی2018ء) کوہاٹ پولیس نے سال رواں کے چار ماہ میں 314مطلوب اشتہاریوںکو گرفتار کرلیا ہے۔گزشتہ چار مہینوں کے دوران ضلع بھر کے دو سو سے زائد مقامات پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کا انعقاد کیا گیاجسمیں 5254مشتبہ افراد کو چھان بین کیلئے حراست میں لیا گیا اور مختلف کاروائیوں میں بارودی مواد،خود کار ہتھیاروں اور منشیات کا بڑا ذخیرہ برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ سال رواں کے ابتدائی چار ماہ میںزیر حراست 3845مشکوک افرادکی نسبت ضابطہ فوجداری کے تحت متعلقہ تھانوں میںضمانت چال چلن کی کاروائی بھی عمل میں لائی گئی ہے۔

سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز میں جدید ٹیکنالوجی آلات کے ذریعے دو لاکھ سے زائد افراد کی موقع پر چھان بین کی گئی اور اس دوران متعدد نان رجسٹرڈ افغان باشندوں کو پکڑ کر ملک بدر کیا جاچکا ہے۔

(جاری ہے)

مختلف مقامات پر کاروائیوں میں اسلحہ و منشیات سمگلر نیٹ ورک کے درجنوں ارکان کو حراست میں لیکر گزشتہ سال کی نسبت زیادہ تعداد میں اسلحہ پکڑا گیا اور منشیات فروشوںکے خلاف زیادہ تعداد میں مقدمات درج کئے گئے۔

ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کے دفتر سے جاری سال 2018؁ء کے پہلے چار مہینوں کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق ضلع بھر میں مطلوب اشتہاریوں اور قانون شکن عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز کے نتیجے میں دہشتگردی،اغواء،بھتہ خوری اور قتل و اقدام قتل سمیت سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب 314خطرناک اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیا جبکہ شہر اور مضافاتی علاقوںمیں ٹارگٹڈ مقامات پرچھاپہ مار کاروائیوں اور خصوصی ناکہ بندیوں کے دوران وی وی ایس،آئی وی ایس اور سی آر وی ایس موبائل فون کی جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دو لاکھ سے زائد افراد اور مختلف قسم کی چھوٹی بڑی ایک لاکھ تیس ہزار گاڑیوں کی موقع پر چھان بین کی گئی اور ان کاروائیوں میں 5254مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا جبکہ گاڑیوںکی چوری روکنے کے پیش نظر مختلف قسم کی اکیس سو مشکوک گاڑیاں چھان بین کیلئے تحویل میں لیکرمتعلقہ قوانین کے مطابق کاروائی عمل میں لائی گئی ۔

شہر میں امن وامان کے قیام اور انسداد جرائم کی غرض سے جاری کریک ڈائون میںسفری وشناختی دستاویزات نہ رکھنے والے 33افغان باشندوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور انکے خلاف غیر قانونی قیام کی پاداش میں متعلقہ قانون کے تحت مقدمات درج کرکے ملک بدر کرنے کی کاروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سال روا ں اسلحہ ومنشیات کے خلاف کامیاب مہم کے دوران گزشتہ سال کی نسبت زیادہ تعداد میں خطرناک ہتھیار اور منشیات پکڑے گئے ہیں اور اسلحہ ومنشیات سمگلر نیٹ ورک کے متعدد ارکان کے خلاف زیادہ تعداد میں مقدمات درج کئے گئے ۔

سال رواں کی چار ماہ کی کارکردگی رپورٹ کی ر و سے مختلف کاروائیوں میں پکڑے گئے بارودی مواد اور اسلحہ ومنشیات میں 4دستی بم،366میرج بم،7کلو گرام بارود،17ڈیٹونیٹرز،72کلاشنکوف،23کلاکوف،4سٹین گن،60رائفل،203بندوق،750پستول،مختلف قسم کے 45000کارتوس، 1454چارجرز،400کلو گرام چرس،25کلو گرام ہیروئن،7کلو گرام افیون،2کلو گرام آئس اور 90بوتل شراب شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ کئی سالوں کی نسبت سال رواں دہشتگردی کا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا۔بھتہ خوری،اغوائیگی،سٹریٹ کرائمز،ڈکیتی اور رہزنی کا سو فی صد 100%قلع قمع کیا گیا ہے۔سال رواں کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے کرایہ کے گھروں میں مقیم سینکڑوں افراد کے کوائف چیک کرتے ہوئے مقامی تھانوں سے رجسٹریشن کئے بغیر 73افراد کے خلاف کرایہ داری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کئے ہیںجبکہ حساس اور آسانی سے ہدف بننے والے مقامات کی انتطامیہ کو بار ہا تاکید اور سیکیورٹی ایڈوائیزری جاری کرنے کے باوجودعملدرآمد نہ کرنے پر ان مقامات کی انتطامیہ کے خلاف متعلقہ تھانوں میں 10مقدمات درج کئے گئے ہیں۔