خان پور میں نادرا وین کے ذریعہ مختلف علاقوں کی150 سے زائد خواتین کے مفت شناختی کارڈ بنائے گئے

جمعرات 3 مئی 2018 13:55

ہری پور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 مئی2018ء) خان پور میں نادرا وین کے ذریعہ مختلف علاقوں کی ڈیڑھ سو سے زائد خواتین کے مفت شناختی کارڈ بنائے گئے۔

(جاری ہے)

اس حوالے سے گذشتہ روز عمر اصغر خان فائونڈیشن کے تعاون سے گورنمنٹ کالج ترناوہ میں ایک روزہ کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں تحریک انصاف ویمن ونگ تحصیل خان پور کی صدر نصرت پروین اور دیگر کے تعاون سے خان پور، درہ ، ممبریال، ترفکیاں، جولیاں، نکڑیاں، مارچ آباد، ترناوہ، موہڑہ غزن، نجف پور، دارتیاں، پکشاہی، باغ پور ڈھیری، کروالی اور دیگر مواضعات سے درجنوں خواتین نے شرکت کی اور نادرا کے عملہ نے ایم آر وی کے ذریعہ موقع پر ان کے شناختی کارڈ بنائے۔

اس موقع پر علاقہ کی سیاسی و سماجی شخصیات اور بلدیاتی نمائندگان بھی موجود تھے اور انہوں نے علاقہ میں آ کر خواتین کے شناختی کارڈ بنانے پر نادرا کے افسران و عملہ، عمر اصغر خان فائونڈیشن کے نمائندگان اور تعاون کرنے پر نصرت پروین اور دیگر سماجی و شخصیات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔