ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پھگوڑہ کے مقام پر کھلی کچہری کا انعقاد،مقامی لوگوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے

جمعہ 4 مئی 2018 00:10

بٹگرام۔ 3 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پھگوڑہ کے مقام پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، مقامی لوگوں نے شکایات کے انبار لگا دیئے۔ اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام نے مقامی لوگوں کے جملہ مسائل فوری حل کرانے کی یقین دہانی کرا دی۔ نوجوانوں نے الزام عائد کیا کہ کھلی کچہری کے دوران ایک شخص نے منشیات کی کھلے عام فروخت پر پولیس کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، شراب اور چرس مقامی پولیس کی اشیر باد سے کھلے عام فروخت ہو رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعرات کو ضلعی انتظامیہ کی جانب سے پھگوڑہ میں سی ڈی کے مقام کھلی کچہری کا انعقاد ہوا جس میں مختلف سرکاری محکمہ جات کے سربراہان سمیت مقامی لوگوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر بٹگرام ذاکر حسین جدون نے کھلی کچہری کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد عوام کے مسائل تک رسائی اور پھر اس کو حل کرانے کیلئے متعلقہ محکمہ جات کو پابند کیا جاتا ہے کہ وہ فوری طور پر مسائل حل کرانے کیلئے اقدامات اٹھائیں۔

(جاری ہے)

عوامی مسائل کے حل میں عدم دلچسپی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کے ساتھ کسی بھی قسم کی رعایت نہیں بھرتی جائے گی۔ ذاکر حسین جدون نے کھلی کچہری کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے جتنے بھی مسائل ہیں دل کھول کر اظہار کیجئے، ضلعی انتظامیہ آپ کی بھرپور داد رسی کرے گی۔ کھلی کچہری میں شریک مقامی لوگوں نے ایک ایک کر کے مسائل بیان کئے اور حکومتی اداروں کی کارکردگی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ کولئی اور اس کے مضافات میں پینے کا صاف پانی نایاب ہے، مقامی لوگ پانی کی بوند بوند کیلئے ترس رہے ہیں۔ سی ڈی پھگوڑہ آبادی کی تناسب سے آر ایچ سی ہسپتال کا مستحق ہے لیکن ہمیں اپنے جائز حقوق نہیں دیئے جا رہے، بجلی کی ٹرانسفرمر، سڑکوں کی خستہ حالی، صاف پانی کی فراہمی، منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی سمیت دیگر مسائل بیان کئے اور تحریری درخواستیں اسسٹنٹ کمشنر کے حوالہ کئے۔ اے سی ذاکرحسین جدون نے مقامی لوگوں کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آپ کے جملہ مسائل حل کرانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ضلعی انتظامیہ کام کرے گی۔ ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں عوامی مسائل کے حل کیلئے ہماری پوری انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔