جیلوں کو اصلاح خانہ بنانے اور خواتین و کم عمر قیدیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے فریم ورک ترتیب دے رہے ہیں‘ ڈاکٹر رانیہ احسن

جمعہ 4 مئی 2018 00:10

ہری پور۔ 3 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) وفاقی محتسب کی جیل ریفارمز کمیٹی کی سربراہ و ایڈوائزر ڈاکٹر رانیہ احسن نے کہا ہے کہ جیلوں کو اصلاح خانہ بنانے اور خواتین و کم عمر قیدیوں کو درپیش مسائل کے حل کیلئے ایک فریم ورک ترتیب دیا جا رہا ہے جس کیلئے چاروں صوبوں سے کو ئٹہ، کراچی، فیصل آباد اور ہری پور جیل کا دورہ کیا جائے گا جس کے دوران قیدیوں کے مسائل کو دیکھ کر سفارشات مرتب کی جائیں گے تاکہ جیلوں سے باہر آنے والے قیدی معاشرے کے مفید شہری بن سکیں جس کیلئے ہمیں تاجروں، انڈسٹریلسٹس، چیمبر ممبران اور میڈیا کی لانگ ٹائم سپورٹ کی ضرورت ہے تاکہ جیلوں میں بہترین ایڈمنسٹریشن قائم ہو سکے۔

وہ جمعرات کو ٹی ایم اے ہری پور میں چیمبر آف کامرس ہری پور، آل ٹریڈرز ایسوسی ایشن، ہری پور پریس کلب، حطار انڈسٹریلسٹ ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کامسیٹس یونیورسٹی کے عظیم مختیار، وفاقی محتسب کی کنسلٹنٹ شگفتہ شاہ، علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈاکٹر زاہد مجید، نمل یو نیورسٹی کے گلفام خالد، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ہری پور ڈاکٹر عادل ایوب، صدر پریس کلب ذاکر تنولی، جنرل سیکرٹری ملک فیصل اقبال خان، وقاص احمد وکی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر رانیہ احسن نے وفود کو بتایا کہ چیئرمین وفاقی محتسب نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں اس کمیٹی کو تشکیل دیا ہے، یہ کمیٹی جیلوں میں جا کر ریفارمز سے متعلق فریم ورک ترتیب دے تاکہ جیلوں میں قیدیوں کو صحت اور تعلیم جیسی بنیادی سہولیات بھی میسر آ سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ قبل ازیں ستمبر اور نومبر 2015ء میں وفاقی محتسب نے سنٹرل جیل ہری پور کو کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ واہ کینٹ کی مدد سے لائبریری کے قیام کیلئے کتابیں فراہم کیں تھیں جن سے آج بھی قیدی استفادہ حا صل کر رہے ہیں۔

ریفارمز کمیٹی میں شامل علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ڈائریکٹر کو لابریشن آفس ڈاکٹر زاہد مجید نے بتایا کہ ان کا ادارہ ملک بھر کی جیلوں میں قیدیوں کو فری ایجوکیشن فراہم کر رہا ہے جس کا بنیادی مقصد قیدیوں کی اصلاح اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانا ہے۔ ریفارمز کمیٹی سے ملنے والے نمائندہ وفود نے جیل ریفارمز کے حوالہ سے اپنی تجا ویز پیش کیں اور کمیٹی کو قیدیوں کی اصلاح اور سہولیات کی فراہمی کیلئے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔