ڈی پی او ایبٹ آباد سے پولیس کے ریٹائرڈ ملازمین کی ملاقات

جمعہ 4 مئی 2018 12:04

ایبٹ آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفس ایبٹ آباد میں ڈی پی او ایبٹ آباد سید اشفاق انور کی ضلع ایبٹ آباد پولیس سے ریٹائرڈ پولیس ملازمین کے ہمراہ میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں ایبٹ آباد سے ریٹائرڈ ہونے والے پولیس ملازمین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سید اشفاق انور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریٹائرڈ ملازمین اب بھی محکمہ کا حصہ ہیں اب بھی ان کی اتنی ہی عزت ہے جو دوران ملازمت تھی۔

ایبٹ آباد پولیس نے گذشتہ ایک سال سے یہ سلسلہ شروع کیا ہے کہ جو بھی ملازم محکمہ سے ریٹائرڈ ہوتا ہے اس کے اعزاز میں پروقار تقریب کے انعقاد کے ساتھ ساتھ شان و شوکت سے محکمہ سے الوداع کیا جاتا ہے۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد سید اشفاق انور نے خطاب کرتے ہوئے کہا انہیں اس بات کی خوشی ہے کہ جتنے بھی ملازم محکمہ سے ریٹارڈ ہوئے ان میں سے کسی بھی ملازم کی کوئی فائل پینڈنگ نہیں اور تمام سٹاف کو خصوصی ہدایت ہے کہ ریٹائرڈ ملازمین کو کسی قسم کی کوئی پریشانی نہ ہو جس کسی کا بھی جائز مسئلہ ہو تو کوشش کی جائے کہ وہ ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے۔

(جاری ہے)

ریٹائرڈ ملازمین کے ساتھ بھی وہی سلوک بھرتا جائے جو دوران ملازمت کسی ملازم کے ساتھ کیا جاتا ہے، انہیں عزت دی جائے اور ان کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے، یہ ہمارے محکمہ کا حصہ تھے، ہیں اور رہیں گے۔ اس کے علاوہ بھی پنشنرز کو کبھی بھی کوئی بھی مسئلہ ہو ہمارے دروازے ہر وقت کھلے ہیں، انشاء الله ہم آپ کو مایوس نہیں کریں گے۔ میٹنگ کے دوران ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ایبٹ آباد سید اشفاق انور نے ریٹائرڈ ملازمین کے مسائل سنے اور ان کے فوری حل کی یقین دہانی کروائی اور ایڈیشنل ایس پی ایبٹ آباد کو پنشنرز کے تمام معاملات کی دیکھ بھال کی ہدایت جاری کی۔

دوران میٹنگ ریٹائرڈ ملازمین نے ڈی پی او ایبٹ آباد سید اشفاق انور کا شکریہ ادا کیا کہ انہیں اپنے مسائل بیان کرنے اور سننے کا اتنا اچھا موقع فراہم کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :