ٹریفک وارڈنز کے دوران ڈیوٹی سگریٹ پینے اور موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد

جمعہ 4 مئی 2018 12:45

فیصل آباد۔4 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) ٹریفک قوانین پر عملدر آمد یقینی بنانے ، ہر قسم کی ٹرانسپورٹ کی روانی برقرار رکھنے اور ٹریفک رولز کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف فوری کاروائی سمیت ٹریفک وارڈنز کے فرائض کی احسن انداز میں سر انجام دہی کی غرض سے دوران ڈیوٹی ٹریفک وارڈنز کے سگریٹ پینے اور موبائل فونز کے استعمال پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

چیف ٹریفک آفیسر آفس فیصل آباد کے ترجمان نے بتایا کہ سی ٹی او نے بعض مقامات سے ملنے والی ان اطلاعات و شکایات کا سختی سے نوٹس لیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چند مقامات پر ٹریفک وارڈنز اکٹھے ہو کر اپنے فرائض کی سر انجام دہی کی بجائے سگریٹ پینے اور موبائل فونز پر گپ شپ لگانے میںمصروف نظر آتے ہیں جس سے ٹریفک کے نظام میں خلل پڑتا ہے۔ انہوںنے بتایا کہ ٹریفک وارڈنز کی جانب سے چالانات کا ہدف پورا کرنے کیلئے بعض اوقات بلا جواز چالانات کرنے کا بھی نوٹس لیا گیا ہے اور ان پر واضح کیا گیا ہے کہ اگر آئندہ اس سلسلہ میں کوئی شکائت موصول ہوئی تو متعلقہ ٹریفک وارڈنز کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :