بیرسٹر سلطان کی برطانیہ کی لوکل کونسلز کے انتخابات میں 350 سے زائد کشمیری اور پاکستانی کونسلرز کو کامیابی پر مبارکباد

جمعہ 4 مئی 2018 17:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) آزاد کشمیر کے سابق وزیر اعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے گذشتہ روز برطانیہ کی لوکل کونسلز کے انتخابات میں 350 سے زائدکشمیری اور پاکستانی کونسلرز کی کامیابی پر انہیں مبارکباد دی ہے اسی طرح انھوں نے ان تمام کشمیریوں اور پاکستانیوں کو بھی مبارکباد دی ہے جنہوں نے ان انتخابات میں حصہ لیاکیونکہ جب میں برطانیہ میں زیر تعلیم تھا تو میرا خواب تھا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیری و پاکستانی وہاں کی سیاست اور ٹریڈ یونیز میں حصہ لیکر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اٹھانے اور استحکام پاکستان کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

اسی طرح وہ اپنے حقوق اور مفادات کا بھی تحفظ کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

میں نے ہمیشہ وہاں پر مقیم کمیونٹی پر زور دیا جسکے نتیجے میں آج وہاں ہماری13 ممبران پارلیمنٹ، 20 کے قریب مئیرز اور 350 کے قریب کونسلرز ہیں۔ویسے بھی اب برطانیہ میں مسلمانوں کے خلاف انتہاء پسندی بڑھ رہی ہے لہذا ہمارے لوگ وہاں کی سیاست میں بھرپور حصہ لیکر وہاں کی سیاست اور قوانین کے مطابق آگے بڑھیں۔

اسی طرح وہ پاکستان کی معیشت میں بھی ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں نے برطانیہ میں پی ٹی آئی کشمیر کی رکنیت سازی مہم کی تاریخ میں 30 اپریل سے بڑھا کر 10 مئی تک توسیع کر دی ہے۔کیونکہ ان انتخابات میں ہمارے اپنے لوگ بھی حصہ لے رہے تھے جس وجہ سے تاریخ میں توسیع کی گئی۔ لیکن اب اس تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔ لہذا تمام رہنماء رکنیت سازی مہم میں اپنا ٹارگٹ پورا کریں تاکہ انٹراء پارٹی الیکشن کی راہ ہموار ہو سکے اور حتمی تاریخ کا اعلان کیا جا سکے تاکہ پاکستان کے انتخابات میں ہم اپنی پارٹی کی سیاسی طور پر حمایت کے ساتھ ساتھ فنانشل اسپورٹ کرکے انتخابات میں مکمل حصہ دار بن سکیں۔