تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سماہنی میں سی ایم او سماہنی ومضروب نوجوان کے ورثا درمیان تنازعہ کا مقدمہ پولیس تھانہ چوکی میں درج

جمعہ 4 مئی 2018 18:09

سماہنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 مئی2018ء) تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سماہنی میں گزشتہ روز پیش آنے والے ناخوشگوار واقع اور سی ایم او سماہنی ومضروب نوجوان کے ورثا کے درمیان ہونے والی تلخ کلامی وہاتھا پائی کے واقع کی ایف آئی آر پولیس تھانہ چوکی میں درج ،سماہنی شہر اور چاہی کے نوجوان گروپوں کے درمیان لڑائی جھگڑا اور سماہنی شہر کے زخمی ہونے والے نوجوان توصیف مقصود کے ورثا نے تحصیل ہسپتال سماہنی کے سی ایم کی طرف سے شدید رزلٹ نہ دیے جانے پر احتجاج کرتے ہوئے سی ایم او ڈاکٹر مدثر منیر کیساتھ تلخ کلامی وہاتھا پائی کی تھی اور انتہائی نتائج بھگتنے کی دھمکیاں دی تھیں اور بعد ازاں احتجاج کرتے ہوئے سڑک بلاک کر دی تھی ،توصیف مقصود واسکے ساتھیوںکے بقول چاہی کے رہائشی چوہدری فضل الرحمان کے بیٹے نے ساتھیوں کے ہمراہ ان پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگئے جن میں سے توصیف مقصود کو شدید چوٹیں آئیں تاہم ڈاکٹر نے رزلٹ میں گڑ بڑ کی ،مگر ڈاکٹر کے مطابق رزلٹ مضروب کی طبی حالت کو ملاحظہ کرتے ہوئے جاری کیا گیا،اس سلسلے میں شفاف اور غیر جانبدارانہ تفتیش وتحقیق کے بعد ہی اصل صورتحال معلوم ہو سکے گی ،اسسٹنٹ کمشنر سماہنی راجہ عارف محمود ،ایس ایچ او پولیس تھانہ چوکی سردار سہیل یوسف نے موقع پر پہنچ کر صورت حال کو کنٹرول کیا اور فریقین سے مذاکرات کئے ،دریں اثناسی ایم او سماہنی نے ہسپتال میں دوران ڈیوٹی مداخلت کرنے اور انھیں زدوکوب کرنے کے مرتکب افراد کیخلاف کاروائی کے لئے پولیس تھانہ چوکی میں درخواست دے دی جس پر مذکورہ افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے،دریں اثنا معاملہ کو افہام و تفہیم کے ساتھ نمٹانے کی کوششیں بھی جاری ہیں تاہم پی ایم اے ضلع بھمبر وپیرا میڈیکل سٹاف ضلع بھمبر نے واقع میں ملوث افراد کی گرفتاری نہ ہونے کی صورت میںچوبیس گھنٹوں بعد احتجاج کی کال بھی دے دی ہے۔