حال اورمستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے طلبہ تیاری کریں، ڈاکٹر ناصرہ جبیں

جمعہ 4 مئی 2018 20:15

لاہور۔4 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر ناصرہ جبیں نے کہا ہے کہ حال اور مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے طلباو طالبات کو اپنے آپ کو تیار کرنا چاہئے، وہ پنجاب یونیورسٹی شعبہ تاریخ و پاکستان سٹڈیز کی دوسری سالانہ تقریب تقسیم اسناد سے الرازی ہال میں خطاب کر رہی تھیں، تقریب میں کنٹرولر امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ساجد رشید ، ڈین فیکلٹی آف آرٹس و چیئرمین شعبہ پروفیسر ڈاکٹر اقبال چاولہ، ممبر سینڈیکیٹ ڈاکٹر محبوب حسین، فیکلٹی ممبران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹرناصرہ جبیں نے گریجوایٹ ہونے والے طلباء وطالبات کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا میں اس وقت مقابلے کی فضا ہے اور انہیں ہر شعبے میں مقابلے کی تیاری کرنی چاہئے، انہوں نے کہا کہ ہماری نوجوان نسل صلاحیتوں سے بھرپور ہے اور اب ہماری قوم کو مثبت تبدیلی کی جانب چیزیں جاتی ہوئی نظر آئیں گی، انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں کو تخلیقی انداز میں سوچنا چاہئے کہ وہ اپنے ملک کیلئے کیا کر سکتے ہیں، اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹراقبال چائولہ نے شعبہ کی تاریخ بیان کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کا شعبہ تاریخ نہ صرف پاکستان بلکہ جنوبی ایشیا میں تاریخ کے مضمون میں ایک ممتاز حیثیت رکھتا ہے جس کا قیام1932میں عمل پذیر ہوا ، انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر تعلیم صرف بی اے (آنرز) تک محدود تھی بعد ازاں ایم اے تاریخ کا آغاز ہوا،2001 میں ایم اے مطالعہ پاکستان ، 2004میں ایم فل تاریخ کا ریگولر پروگرام شروع ہوا ا ور2011 میں پی ایچ ڈی کا ریگولر پروگرام لانچ کیا گیا، انہوں نے کہا کہ اس شعبہ سے جنوبی ایشیا کے ممتاز ترین مورخین وابستہ رہے جن میں A.L. Srivastava ، شیخ عبدالرشید، ڈاکٹر اشتیاق حسین قریشی، ڈاکٹر ریاض الاسلام، ڈاکٹر یار محمد خان، پروفیسر محمد اسلم، پروفیسر اکرام علی ملک،پروفیسر علی عباس ، پروفیسر سید قمر عباس اورڈاکٹر قلب عابد شامل ہیں، انہوں نے کہا کہ اس وقت شعبہ کے تقریباً اسی فیصد اساتذہ پی ایچ ڈی ہولڈر ہیں جو نہ صرف سیاسی تاریخ پر لکھ رہے ہیں بلکہ سماجی، ثقافتی صنفی اورمحروم طبقات کی تاریخ بھی ان کا موضوع ہے، شعبہ تاریخ و پاکستان سٹڈیز کی دوسری تقریب تقسیم اسناد کے سیشن2014-2016 کے ایم اے کی60 جبکہ ایم فل کے تین اور پی ایچ ڈی کے طلباء و طالبات میں ڈگریاں تقسیم کی گئی ہیں۔