صوبائی سیکرٹری صحت پنجاب کا ٹی ایچ کیو ہسپتال بوریوالا کا دورہ، تعمیراتی کام کا معائنہ کیا

جمعہ 4 مئی 2018 21:25

بوریوالا۔4 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) صوبائی سیکرٹری صحت پنجاب علی جان نے کہا ہے کہ حکومت وزیر اعلیٰ شہباز شریف کے ویژن کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں جدید صحت کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، بورے والا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی اپ گریڈیشن منصوبہ کو 31مئی تک فنکشنل کر دیا جائیگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے مختلف وارڈز اور زیر تکمیل نئے وارڈزکے تعمیراتی کام کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پروجیکٹ ڈائریکٹر محمد عثمان ہیلتھ پنجاب ،چیف ایگزیکٹو آفیسر صحت وہاڑی ڈاکٹر شعیب الرحمان گورمانی ،ایم ایس ڈاکٹر محمد امجد شکیل ،ڈپٹی ایم ایس ڈاکٹر محمد عمرا ن بھٹی،ڈاکٹر خالد محمود چوہدری ہارٹ اسپیشلسٹ ڈاکٹر محمد آصف علی پروکیورمنٹ آفیسر مائدہ ظفر اورکوالٹی آفیسر اقراء نوربھی موجود تھیں،سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نے بتایا کہ بوریوالا ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے سلسلہ میں 2کروڑ روپے کے فنڈز جاری ہو چکے ہیں جبکہ بقایا فنڈز بھی رواں مالی سال میں جاری کر دیئے جائیں گے، انہوں نے یقین دلایا کہ ہسپتال میں سپیشلسٹ ڈاکٹر وں اور پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی کو بھی بلا تاخیر پورا کیا جائیگا، ڈسٹرکٹ ہسپتال بورے والا سے پیتھالوجسٹ ڈاکٹر کی بورے والا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں عارضی ڈیوٹی لگائی جا رہی ہے تاکہ اس مسئلے کو حل کیا جا سکے ،انہوں نے حکام کو ہدایت کی کہ ہسپتال کی رینوویشن کے ورک کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ مختلف شعبہ جات اور وارڈذ کو یہاں شفٹ کیا جائے ،انہوں نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتا ل میں زیر علاج مریضوں کو ملنے والی طبی سہولیات اور صفائی کے نظام پر اطمینان کا اظہار کیا ۔