پنجاب فوڈ اتھارٹی آل پاکستان ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ کا شاندارافتتاح، میگا ایونٹ4روز جاری رہے گا

پنجاب فوڈ اتھارٹی اتنا بڑا ٹورنامنٹ کروا کر ناممکن کو ممکن کر دیا‘سیکر ٹری پاکستان ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن احمر ملک

جمعہ 4 مئی 2018 23:40

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) پہلے پنجاب فوڈ اتھارٹی آل پاکستان ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ کا باقاعدہ آغازہو گیا۔ڈی جی فوڈ اتھارٹی نورالامین مینگل نے سیکرٹری ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے ہمراہ ٹینس ٹیبل پرشاٹ لگا کر افتتاح کیا۔ٹورنامنٹ میں صوبہ بھر کے 36 اضلاع سے 200 سے زائد کھلاڑی حصہ لیں رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی کے زیر اہتمام پہلے پنجاب فوڈ اتھارٹی آل پاکستان ٹیبل ٹینس ٹورنامنٹ2018 کا آغازہو گیا جس میں صوبہ بھر کے 200 سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

ٹورنامنٹ2 لیولز میں 4 مئی سے 7 مئی تک جوہر ٹاون میں جاری رہے گاجس میںایک طرف آل پنجاب جبکہ دوسری جانب آل پاکستان کی سطح پر مقابلے ہوںگے ۔ پاکستان ا ٓرمی،واپڈا،سندھ، کے پی کے،بلوچستان کی ٹیمیوں کے ساتھ ساتھ آزاد جموں و کشمیر کی ٹیمیں بھی حصہ لے رہی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈی جی نورالامین مینگل کا کہنا تھا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کی جانب سے بہتر غذا کے ساتھ ساتھ صحت مند جسمانی سر گرمیوں کو بھی سپورٹ کیا جاتا ہے جن کا مقصد کھیلوں کے میدان آباد اور ہسپتال ویران کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کھیل زندگی کے ہر چیلنج سے نبردازما ہو نا سکھاتے ہیں۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کھلاڑیوں کی ہر ممکن حوصلہ افزائی کرے گی۔ آل پاکستان ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن کے سیکرٹری احمر ملک نے کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے تعاون کے بغیر اتنا بڑا ٹورنامنٹ کروانا ممکن نہیں تھا۔ پاکستان ٹیبل ٹینس ایسوسی ایشن پنجاب فوڈ اتھارٹی کی طرف سے کھیلوں کے فروغ میں کردار ادا کرنے پر دل سے شکر گزار ہے۔