لیبر قوانین کی خلاف ورزی ایک سنگین جرم ہے اور اس کے خلاف پیپلز لیبر بیورو ہر سطح پر آواز بلند کرے گا،حبیب الدین جنیدی

جمعہ 4 مئی 2018 23:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مئی2018ء) پیپلز لیبر بیورو سندھ آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر سینئر مزدور رہنما حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ لیبر قوانین کی خلاف ورزی ایک سنگین جرم ہے اور اس کے خلاف پیپلز لیبر بیورو ہر سطح پر آواز بلند کرے گا۔وہ اُن اخباری اطلاعات پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کررہے تھے کہ جن کے مطابق حیدرآباد میں ملز اور فیکٹریز کے مالکان کم عمر بچوں سے بیس (20)گھنٹوں تک کی محنت مزدوری کرواتے اور اُنہیں قانونی طور پر مقرر کردہ 15ہزار روپئے ماہانہ اجرت سے بھی محروم رکھتے ہیں۔

ان اخباری اطلاعات کے مطابق سائٹ ایریا، سٹی اور لطیف آباد میں 10تا 12سال کے کم عمر بچّے محنت مزدوری کرنے پر مجبور اور اُن سے جبری مشقت بھی لی جاتی ہے جبکہ اُنہیں صرف 4000روپے کی ماہانہ اُجرت دی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

حبیب الدین جنیدی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے انتہائی عرق ریزی اور دیانتداری کے ساتھ مزدوروں اور ہاریوں کے حقوق تحفظ کے لئے متعدد قوانین اسمبلی سے منظور کروائے ہیں اور ہمیں یقین اور پورا بھروسہ ہے کہ ان قوانین پر بھر پور اور مؤثر طریقہ سے عملدرآمد بھی کروایا جائے گا۔

انہوں نے ظلم و زیادتی کا شکار ہونے والے غریبوں، محنت کشوں،نوجوانوں اور بچّوں کو کو یقین دلایا کہ پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں اُن کے حقوق کے خلاف کئے جانے والے اقدامات کو ختم کروانے کے لئے بھر پور جدوجہدکریگی ۔