بیٹری بنانے والی پانچ کمپنیوں کو دھوکہ دھی پر مبنی مارکیٹنگ اور کمپیٹیشن ایکٹ کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی پر جرمانہ

جمعہ 4 مئی 2018 23:53

اسلام آباد۔4 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 مئی2018ء) کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان نے بیٹری بنانے والی پانچ کمپنیوں اٹلس بیٹری لمیٹڈ، ایکسائیڈ پاکستان لمیٹڈ، پاکستان ایکیومولیٹرز پرائیویٹ لمیٹڈ ، ملت انڈسٹریل پراڈکٹ لمیٹڈ اور سنچری انجیئرنگ انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ کو دھوکہ دھی پر مبنی مارکیٹنگ اور کمپیٹیشن ایکٹ کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی پر 10 لاکھ روپے فی کمپنی جرمانہ عائد کر دیاہے۔

کمپیٹیشن کمیشن آف پاکستان کو شکایت موصول ہوئی تھی کہ بیٹری بنانے والی بہت سی کمپنیاںاپنی تیزاب اور بغیر تیزا ب والی بیٹریوںپر اور اس کے تشہیری مواد بشمول پیکیجنگ اور گارنٹی کارڈ پربیٹری کے میٹیریل کے متعلق اہم معلومات جیسا کہ بیٹری کی صلاحیت، خصوصیت، استعمال کی موزونیت اور معیار کا اظہار نہ کر کہ صارفین کو گمراہ کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

سی سی پی کی جانب سے اس معاملے پر بنا ئی گئی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق یہ پانچ کمپنیاں بیٹیریوں کی پیکیجنگ اور گارنٹی کارڈ پر پراڈکٹ کی صلاحیت کے متعلق کوئی معلومات پرنٹ نہیں کر رہی ہیں۔ ایسی اہم معلومات کو پرنٹ نہ کر نے اور چھپا نے سے صارف بیٹری کی کوالٹی اور موزونیت کا تقابلہ کرنے سے قاصر ہے۔ انکوائری رپورٹ کے مطابق ان پانچ کمپنیز کی جانب سے اپنی پراڈکٹ کی صلاحیت کے متعلق اہم معلومات چھپانا نہ صرف صارفین سے دھوکہ دھی کے مترادف ہے بلکہ اپنے حریف کاروباری اداروں کے کاروباری مفادات کو نقصان پہنچا نے کا باعث بھی ہے اور کمپیٹیشن ایکٹ کے سیکشن 10کی خلاف ورزی ہے۔

اگرچہ بیٹری بنانے والی پانچ کمپنیوںنے کمپیٹیشن ایکٹ کے سیکشن 10 کی خلاف ورزی کی لیکن ان کمپنیوں کی جانب سے کی گئی یقین دہانیوں کی بنا پر سی سی پی نے نرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہر کمپنی پہ دس لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔ سی سی پی کو کمپیٹیشن ایکٹ کے تحت یہ اختیار حاصل ہے کہ وہ صارفین اور کاروباری اداروں کو دھوکہ دھی پر مبنی مارکیٹنگ اور کمپیٹیشن مخالف سر گرمیوں سے بچائو کے لیے اقدامات کرے۔